کراچی: پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ سید مصطفیٰ کمال نے دعویٰ کیا ہے کہ ایم کیو ایم کو کوئی صوبہ نہیں بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کا پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی سے خفیہ معاہدہ ہے جبکہ عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) سے سیٹ ایڈجسمنٹ ہے۔
کراچی پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مسئلے کا حل صوبے کے قیام میں نہیں ہے بلکہ اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی میں ہے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ ایم کیو ایم سیاسی نہیں بلکہ دیگر قومیتوں کے ساتھ مل کر دل کی ایڈجسمنٹ کرے۔
سابق ناظم کراچی سید مصطفیٰ کمال نے دعویٰ کیا کہ صوبہ سندھ کا نیا وزیراعلی ہمارا ہو گا اور اگر ہمارا نہیں ہوا تو حمایت یافتہ ضرور ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ قوم کو اپنے مقاصد کے لیے بہت استعمال کیا گیا لیکن اب ایسا نہیں ہوگا کیونکہ وقت بدل چکا ہے۔
پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ قوم بہت حد تک باشعور بھی ہوچکی ہے۔