کراچی: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور کو نوٹس جاری کرتے ہوئے بدھ کو طلب کر لیا ہے۔
ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول ہاؤس، فریال ہاؤس اور زرداری ہاؤس سمیت کوئی بھی نوٹس وصول کرنے کو تیار نہیں اس لیے ایف آئی اے ٹیم نوٹس بلاول ہاؤس اور فریال تالپور ہاؤس کی دیواروں پر چپکا کر واپس آ گئی ہے۔
اس سے قبل 35 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کے الزام میں ایف آئی اے نے سمٹ بینک کے سربراہ حسین لوائی کو حراست میں لیا تھا جو چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کی تحویل میں ہیں، حسین لوائی سے انکوائری کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ آصف علی زرداری اور فریال تالپور کی کمپنی نے مبینہ طور پر ڈیڑھ کروڑ روپے کی منی لانڈرنگ کی۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ 29 جعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے اربوں روپوں کی منی لانڈرنگ کی گئی ہے، عدالت نے انکوائری کے متعلق ایف آئی اے سے پیش رفت رپورٹ بھی طلب کر رکھی ہے۔