سابق جنوبی افریقی صدر کے بیٹے پر فرد جرم عائد


جوہانسبرگ: جنوبی افریقہ کے سابق صدر جیکب زوما کے بیٹے پر بدعنوانی کے مقدمے میں فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔

جیکب زوما کے بیٹے دودو زانے پر کرپشن کا مقدمہ 2016 میں دائر کیا گیا تھا تاہم انہیں جمعہ کے روز جوہانسبرگ کے ہوائی اڈے سے اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ اپنے بھائی کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے وطن لوٹے تھے۔

جنوبی افریقہ کے سابق صدر جیکب زوما اور اُن کے بیٹے دودو زانے پر کرپشن کے متعدد مقدمات درج ہیں۔

34  سالہ دودو زانے کو اپنے والد کے دور اقتدار میں کرپشن  اور بدعنوانی کے علاوہ سرکاری معاہدوں اور وزرا کی تقرری پر اثر انداز ہونے کے الزامات کا سامنا ہے،  دودو زانے پر الزام ہے کہ انہوں نے سابق ڈپٹی وزیر خزانہ سمیت مختلف سرکاری افسران کو رشوت کی پیشکش بھی کی تھی۔

جیکب زوما نے کرپشن کے الزامات کے بعد عوامی دباؤ پر صدارت کے عہدے اور حکمران پارٹی افریقی نیشنل کانگریس کی سربراہی سے استعفیٰ دے دیا تھا۔


متعلقہ خبریں