سکھر: پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید شاہ نے دعویٰ کیا ہے کہ پی پی پی نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے دورحکومت میں کچے کے علاقوں میں بھی سڑکوں کےجال بچھا دیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مشرف کے حامیوں سے پوچھتا ہوں کے آپ نے اپنے دور میں کیا کیا ہے؟ انہوں نے کہا کہ ہم نے عوام کے لیے کام کیا کیونکہ ضیا اور مشرف تو جھوٹ کی سیاست کرسکتے ہیں پر بھٹوکی پیپلزپارٹی نہیں۔
سابق قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا کہ ہم نے پاکستان کا سب سے بہترین دل کا اسپتال بنایا، مزدوروں کے لیے تین ارب روپے کی لاگت سے فلیٹس بنائے اور 12 سو دیہاتوں میں گیس پہنچائی۔
انہوں نے کہا کہ اب اسلام آباد کے بعد سکھر میں سب سے بڑا اسپورٹس کمپلیکس بن رہا ہے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ پی پی پی ہی عوام کی جماعت ہے اور اسی کے لیڈروں نے قوم و جمہوریت کی خاطر جانیں دی ہیں۔ انہوں نے استفسار کیا کہ کیا کسی اور پارٹی نے ایسا کیا؟
انہوں نے کہا کہ اس کا جواب نہیں کے سوا کچھ اور نہیں ہے۔