راولپنڈی میں مری روڈ پر بدترین ٹریفک جام

راولپنڈی: مری روڈ پر بدترین ٹریفک جام، ٹریفک پولیس غائب | urduhumnews.wpengine.com

راولپنڈی: شہر کی مصروف سڑک مری روڈ اور راولپنڈی میں بدترین ٹریفک جام ہوگیا ہے۔ ٹریفک جام ہونے سے تعطیل کے باعث تفریح یا خریداری  کے لیے گھروں سے نکلنے والے شہری اذیت کا شکار ہوگئے ہیں۔

راول چوک سے  فیض آباد تک گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں اور ٹریفک پولیس اہلکار سڑکوں سے غائب ہیں۔ افسوسناک طورپر شہریوں کو مصیبت سے نجات دلانے کے لیے تاحال ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اقدامات نہیں اٹھائے گئے ہیں۔

گھروں سے باہر نکلنے والے شہری گھنٹوں سے ٹریفک جام میں پھنسے ہوئے  ہیں اور اپنی مدد آپ کے تحت ٹریفک کو رواں رکھنے کی کوشش کررہے ہیں۔

اتوار کی  شام سے ہی شہر میں خاصی افراتفری ہے جس کی ابتدا پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے نکالی جانے والی اس ریلی سے ہے جس کی  قیادت سابق وزیراعظم نوازشریف کے داماد کیپٹن ( ریٹائرڈ) صفدر نے کی ۔

کیپٹن (ر) صفدر نے نیب کو اپنی گرفتاری پیش کردی ہے۔ ان کی گرفتاری کے بعد انہیں اسلام آباد میں واقع نیب کے دفتر منتقل کیے جانے کی اطلاعات ہیں اس لیے پی ایم ایل (ن) کے کارکنان بھی بڑی تعداد میں وہاں پہنچنا شروع ہوگئے ہیں جو ٹریفک جام کی ایک وجہ ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نیب اسلام آباد کے دفتر کے چاروں اطراف خاردارتاریں لگادی گئی ہیں اورسیکیورٹی کی بھاری نفری بھی تعینات کردی گئی ہے۔

 


متعلقہ خبریں