قانون اور انصاف کے تقاضے پورے ہونے چاہیں، فاروق ستار


کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ عدالتی فیصلہ مسلم لیگ نون کی کوتاہیوں کا ہی نتیجہ ہے تاہم قانون اور انصاف کے تمام تقاضے پورے ہونے چاہیں۔

کراچی میں میڈیا سے بات کرتے انہوں نے سابق وزیراعظم نوازشریف کو مشورہ دیا کہ وہ وطن واپس آ کر گرفتاری دے دیں، سپریم کورٹ نے کسی کو نااہل کیا ہے تو اس عدالتی فیصلے کو بھی ماننا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ سیاست میں آنے کا یہ ہرگز مطلب نہیں کہ سیاست دان کچھ بھی کرتا رہے اور اس کی پکڑ ہی نہ ہو، عدل و انصاف کا عمل جاری رہنے سے ہی ملک آگے بڑھے گا۔

فاروق ستار نے کراچی میں دھاندلی کے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے الیکشن کمیشن کو انتخابات سے قبل دھاندلی کی شکایت کی ہے جبکہ مردم شماری میں کراچی کی آبادی کو آدھے سے بھی کم گنا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ہمارے کارکنوں کی گرفتاریوں اور ان کے گھروں پر چھاپوں کا سلسلہ ہنوز جاری ہے، گرفتاریوں سے متعلق کچھ بھی نہیں بتایا جا رہا کہ یہ کارروائیاں کس لیے کی جا رہی ہیں۔

فاروق ستار نے کہا کہ کراچی کے ووٹرز کو حق رائے دہی سے محروم رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے، ہمارے کارکنوں میں ڈر اور خوف کی فضا پیدا کر دی گئی ہے جس پر ہمیں تشویش ہے۔


متعلقہ خبریں