نیب ہو یا ایف آئی اے،بجلی کے بل نہ دیں کنکشن کاٹ دیں: چیئرمین


اسلام آباد : چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے توانائی نے کہا ہے کہ جن اداروں پربجلی کے بقایا جات ہیں ان کے کنکشنز کاٹ دیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا پولیس، نیب یا ایف آئی اے کو کوئی چھوٹ ہے؟ انہوں نے ہدایت دی کہ نیب اور ایف آئی اے  کے بجلی کنکشن کاٹ دیں کیونکہ قانون کے مطابق سب برابر ہیں۔

انہوں نے یہ ہدایت پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) کی جانب سے ملنے والی بریفنگ کے دوران دی۔ بریفنگ پیسکو کے سی ای او نے دی۔

سی ای او نے بریفنگ میں بتایا کہ پولیس، فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) اور قومی احتساب بیورو (نیب) کےعلاوہ کسی دوسرے ادارے پر ایک لاکھ روپے سے زائد کے بقایاجات نہیں ہیں۔

چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے توانائی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ حیات آباد میں لوڈشیڈنگ زیرو ہے کیونکہ حیات آباد اور انڈسٹریل اسٹیٹ کو بجلی کی فراہمی وارسک ڈیم کے ذریعے ممکن بنا ئی جارہی ہے۔

دوران بریفنگ چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے توانائی نے کہا کہ جن پر بقایا جات ہیں ان کے کنکشنز کاٹ دیں۔ انہوں استفسارکیا کہ کیا پولیس، نیب یا ایف آئی اے کو کوئی چھوٹ ہے؟

سی ای او پیسکو نے بریفنگ میں بتایا کہ بنوں سرکل میں لاسز 74.4 فیصد ہیں جبکہ ٹرانسمیشن لائن چشمہ اور تونسہ سے آرہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بنوں ریجن میں لوڈشیڈنگ 12 سے 16 گھنٹے کے درمیان ہے اور اس کے کل بقایا جات 40 ارب ہیں۔

سی ای او پیسکو کے مطابق مٹہ گرڈ اسٹیشن ہمارے پانچ سالہ پلان میں نہیں تھا لیکن وزیراعظم کی ہدایت پر وہاں 132 کے وی کا گرڈ اسٹیشن تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا لیکن ابھی تک نہ جگہ ڈھونڈی گئی ہے اورنہ ہی فنڈز جاری کیے گئے ہیں۔

چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے توانائی نے اس موقع پرمعلوم کیا کہ جو ڈیسکوز نقصان میں ہیں وہ ترقیاتی کام کیسے کریں گی؟

نمائندہ پاور ڈویژن نے پوچھے گئے سوال پر تجویزپیش کی کہ پیسکو ایشیائی ترقیاتی بینک یا ڈونرز سے قرض لیکر تمام مسائل حل کرسکتا ہے۔

سوات کے متعلق بریفنگ میں بتایا گیا کہ دیر و بونیرمیں گیارہ سے 13  گھنٹے اور سوات میں دس گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔

چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے توانائی کو بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ سوات ریجن میں 32 فیصد لائن لاسز ہیں اور ریجن میں ریکوری 97 فیصد ہے۔

قائمہ کمیٹی برائے توانائی کے چیئرمین کو بتایا گیا کہ انڈسٹریز کو ترجیحی بنیادوں پر کنکشنز دیئے جائیں گے۔


متعلقہ خبریں