انتخابات2018: ن لیگ نے انتخابی منشور کا اعلان کردیا

انتخابات2018: ن لیگ نے انتخابی منشور کا اعلان کردیا| urduhumnews.wpengine.com

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے انتخابات 2018 کے لیے پارٹی منشور کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ قوم طے کرے گی کہ  کس پارٹی نے الیکشن میں بڑے بڑے اعلانات کیے اور کس نے اس پر عمل کیا۔

لاہور میں سینئر قیادت کے ہمراہ ذرائع ابلاغ کی موجودگی میں پارٹی منشور پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2013 میں لوڈ شیڈنگ سے پورا ملک سراپا احتجاج تھا، واپڈا دفاتر پر پتھراؤ اور احتجاج ہوتے تھے معیشت تباہی کے دہانے پر کھڑی تھی، بجلی کی لوڈ شیڈنگ، انتہا پسندی اور دہشت گردی نے ملک کو تباہ کر دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ 2013 میں بے روزگاری ہر طرف پھیلی تھی پیداواری اہداف اور زراعت ختم ہوچکی تھی یہ وہ منظر تھا جس کو سوچ کر خوف طاری ہو جاتا ہے، نوازشریف نے 2013 میں قوم سے وعدہ کیا تھا کہ ملک سےلوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کردیں گے اورمعیشت کا پہیہ تیزی سے چلےگا۔

شہباز شریف کے بتایا کہ ن لیگ نے پانچ سالوں میں گیارہ ہزار میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل کی، تین ہزار میگاواٹ سی پیک کے ذریعے اور پانچ ہزار میگاواٹ ایل این جی منصوبوں کے ذریعے تیار کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ تربیلا ڈیم سے ایک ہزار میگاواٹ بنائے گئے علاوہ ازیں نیوکلئیر، شمسی اور ونڈ پاورسے بھی بجلی بنائی گئی ہے۔

مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ نیلم جہلم ہائڈل منصوبہ جو 20 سال سے رینگ رہا تھا اسے نوازشریف نے دھکا لگا کر قابل عمل بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ 66 سال میں 18 اور پانچ سال میں گیارہ ہزار میگاواٹ بجلی بنی فرق قوم کے سامنے ہے۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے دور حکومت میں پاکستانی تاریخ کے تیز اور بروقت بلکہ شفاف ترین منصوبے لگے ہیں۔

شہاز شریف کا مزید کہنا تھا کہ عدالتیں بھی منصوبے کو چلانے کا کہہ رہی ہے، نیب کو چیلنج کرتا ہوں اور عدالت بھی چیک کرائے اگر ایک پائی بھی کم ہو تو ذمہ دار ہوں۔

انہوں نے کہا قوم طے کرے کہ انتخابی معرکہ 2013 میں  ملک کی اہم سیاسی سیاسی جماعتوں نے جو منشور دیاتھا اس پرکس نے کتنا عمل کیا؟

ن لیگ کے صدر کا کہنا تھا کہ نندی پورپاورپراجیکٹ میں قوم کے 70 ارب روپے بچائے۔ جنہوں نےاربوں روپے کھائے ان کا احتساب ضروری ہے۔ صاف پانی معاملے پر نیب نے مجھے کل بلایا تھا، کیا بابر اعوان کو نیب نے بلایا؟ آج کل نیب میں حاضریاں صرف ہماری ہو رہی ہیں۔

شہبازشریف نے کہا کہ توانائی منصوبوں میں قوم کے160 ارب روپے بچائے۔ زراعت کومضبوط کرنے کے لیے ن لیگ کی حکومت نےبڑے اقدامات کیے، ہم نے خود روزگار اسکیم کے ذریعے 20 لاکھ افراد کو روزگار فراہم کیا، کھاد کی قیمت آدھی کردی گئی، چھوٹے کسانوں کے لیے ٹیوب ویل کے بلوں میں سبسڈی دی، بی آئی ایس پی پروگرام کے فنڈز40 ارب سے بڑھا کر120 ارب روپے کیے۔


متعلقہ خبریں