لاہور نہیں جاتی امرا کو پیرس بنایا جا رہا ہے، عمران خان


لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ لاہور نہیں بلکہ جاتی امرا کو پیرس بنایا جا  رہا  ہے۔

لاہور کے بارش سے متاثرہ علاقوں کے دورہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہبازشریف نے قرضے لے کر میٹرو اور اورنج ٹرین منصوبہ بنایا، ان قرضوں پر اربوں کا سود ادا کیا جاتا ہے، یہی پیسہ اگر لوگوں کی فلاح و بہبود پر لگایا جاتا تو پنجاب کے حالات اتنے برے نہ ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ لوگ مسلم لیگ نون کے ڈراموں سے تنگ آ چکے ہیں، قوم غریب اور شریف خاندان امیر ہو گیا ہے، ساڑھے تین سو ارب ہر سال لاہور پر لگتا ہے، اتنے بڑے بجٹ میں کوئی اسکول اور یونیورسٹی نہیں بن سکی۔

پی ٹی آئی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ جب روپیہ گرتا ہے تو بین الاقوامی سطح پر دوسروں کو فائدہ ہوتا ہے، اگر مسلم لیگ نون کی حکومت فنڈز دیانت داری سے خرچ کرتی تو شہر کا یہ حال نہ ہوتا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پیرس بارش کے بعد نہیں ڈوبتا، الیکشن کی صورت میں اللہ نے عوام کو اپنی تقدیر بدلنے کا موقع دیا ہے، اب انہوں نے فیصلہ کرنا ہے کہ ملک کی تقدیر بدلنی ہے یا نہیں۔

عمران خان نے  لکشمی چوک، ایبٹ روڈ، ریلوے روڈ، نسبت روڈ، مال روڈ اور شملہ پہاڑی کے علاقوں میں بارش سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا،  دورے کے دوران ان کا قافلہ ڈیوس روڈ پر ٹریفک میں بھی پھنسا رہا۔


متعلقہ خبریں