کراچی سے آزاد امیدوار جبران ناصر کی ڈرامائی گرفتاری و رہائی

کراچی سے آزاد امیدوار جبران ناصر گرفتار | urduhumnews.wpengine.com

کراچی: قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 247 سےآزاد امیدوار جبران ناصر کو پولیس نے کراچی پریس کلب سے گرفتار کرنے کے بعد قریبی پولیس اسٹیشن منتقل کیا تاہم کچھ دیر بعد انہیں رہا کر دیا گیا۔

پولیس نے معاملہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ جبران ناصر کو کراچی پریس کلب سے حراست میں لیا گیا ہے۔

پولیس کی جانب سے تحویل میں لیے جانے سے قبل جبران ناصر نقیب اللہ قتل کیس کے متعلق پریس کانفرنس کے لیے کراچی پریس کلب پہنچے تھے۔

گرفتاری کی خبر سامنے آنے کے بعد جاری کردہ وضاحت میں پولیس نے کہا ہے کہ جبران ناصر کو فرئیر پولیس اسٹیشن لایا گیا ہے تاہم انہیں باضابطہ گرفتار نہیں کیا گیا۔

کراچی پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر معاملہ جھگڑے کا معلوم ہوتا ہے، واقعے سے متعلق معلومات اکھٹی کررہے ہیں۔

جبران ناصر کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک پر ایک مختصر ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے۔ پولیس موبائل میں بیٹھے ہوئے بنائی گئی ویڈیو میں جبران ناصر کہتے ہیں کہ انہیں ایک جج کے پروٹوکول نے تشدد کا نشانہ بنایا اور اب گرفتار بھی اسی وجہ سے کیا جارہا ہے۔

ویڈیو میں واضح ہے کہ جبران ناصر کی ویڈیو کو پولیس موبائل کے اندر سے روک دیا جاتا ہے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ جبران ناصر کو جج کے پروٹوکول میں دخل اندازی کی وجہ سے گرفتار کیا گیا ہے۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) پولیس زون جنوبی کا کہنا ہے کہ جبران ناصر کو رہا کر دیا گیا ہے۔

پولیس حراست میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جبران ناصر کا کہنا تھا کہ وی آئی پروٹوکول نے ایک عام آدمی کو نشانہ بنایا ہے۔

ڈی ایس پی فرئیر کا کہنا تھا کہ جبران ناصر کو نہ ہی گرفتار کیا، نہ ہی حراست میں ہیں۔ وہ اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعہ پر تحریری درخواست دیں، جو بھی ذمہ دار پایا گیا کارروائی ہوگی۔


متعلقہ خبریں