میں بنوں کے فرعون کا مقابلہ کرنے آیا ہوں ، عمران خان


بنوں: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ میں بنوں کے فرعون کا مقابلہ کرنے آیا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ایسے مقناطیس ہیں جو ہر اقتدار کے ساتھ  جڑ جاتے ہیں، اسی لیے وہ  2002سے اقتدار میں ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ میرا ان سے ایک سوال ہے کہ کشمیرکمیٹی کےچیئرمین کی حیثیت سے مولانا فضل الرحمان نے کشمیریوں کے لیے کیا کیا؟

بنوں میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا  کہ کے پی میں بجلی کے جتنے منصوبے پی ٹی آئی نے بنائے کسی اور نے نہیں بنائے۔ انہوں نے کہا برصغیر میں مہنگی ترین بجلی پاکستان میں بنائی جاتی ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم نے کے پی میں چار ہائیڈرل پاور منصوبے بنائے اور 74 میگاواٹ بجلی پیدا کی۔ انہوں نے استفسار کیا کہ کیا کسی اور نے اتنا کام کیا ؟ انہوں نے شرکا سے کہا کہ اگرہم حکومت میں آئے تو تیل اور کوئلے سے بجلی بنا کر دکھائیں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ نے ملکی معیشت کی زبوں حالی کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ دس سال قبل ایک ڈالر 60 روپے کے مساوی تھا لیکن آج وہی ڈالر 125 روپے کا ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ  اس کا مطلب یہ ہوا کہ قوم غریب ہوگئی لیکن لٹیرےارب پتی بن گئے ۔

انہوں نے کہا کہ  ملک کابچہ بچہ مقروض ہوگیا ہے کیونکہ ملک کا قرضہ چھ ہزارسے 27 ہزارارب پرپہنچ  گیا ہے۔

پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان نے کہا کہ میرا خواب ہے کہ پاکستان میں ایک یتم بچہ آنکھ کھولے تو وہ اسکول جائے۔ انہوں نے کہا کہ  اسی لیے ہم نے سب سے پہلے خیبرپختونخوا میں سرکاری اسکولوں کو ٹھیک کیا اور تعلیم کے معیار کو بہتربنایا ۔

انہوں نے کہا کے پی میں پی ٹی آئی کی حکومت نے ایک ہزار اسکول بنائے اور پانچ سالوں میں 60 ہزار ٹیچرز بھرتی کیے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہی وجہ ہے کہ کے پی میں باقی صوبوں کی نسبت تعلیم اور صحت کا نظام بہتر ہے۔

چئیرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم نے تعلیم اور صحت کے منصوبوں کے ساتھ ساتھ خیبرپختونخوا کی پولیس کوٹھیک کرکے دکھایا اور اب پاکستان میں انصاف کا نظام لائیں گے۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے جلسہ عام کے شرکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ لوگو! اپنی آنے والی نسلوں کا سوچو ۔

موسمیاتی تبدیلیوں کی جانب توجہ مبذول کراتے ہوئے انہوں نے کہا کہ  پاکستان میں گرمی بڑھ رہی ہے اور ماحولیاتی تبدیلیوں سے پاکستان متاثرہورہا ہے۔

ورلڈ کرکٹ کپ جیتنےوالی پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران خان نے آنے والے خطرے کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ پانی کی قلت جیسا مسئلہ بھی ملک کے گرد منڈالا رہا ہے جس پر فوری توجہ کی ضرورت ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ سابقہ کے پی حکومت کے دور میں خیبرپختونخوا میں ہم نے ایک ارب درخت لگائے جو کسی دوسری صوبے میں نہیں لگائے گئے۔


متعلقہ خبریں