قانون ہاتھ میں لینے والے کسی بھی شخص کو واپس نہیں جانے دینا، وزیر داخلہ کی پولیس کو ہدایت

وزیر داخلہ

فائل فوٹو


وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد پولیس کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ قانون ہاتھ میں لینے والے کسی بھی شخص کو واپس نہیں جانے دینا۔

وزیرداخلہ محسن نقوی علی الصبح پولیس فورس کا حوصلہ بڑھانے پولیس لائنز پہنچے، وزیرداخلہ نے قیام امن کے لئے اسلام آباد پولیس کی جانفشانی کی تعریف کی۔

پولیس فورس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ 24 نومبر کو بیلاروس کا وفد اور 25 نومبر کو بیلاروس کے صدر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں، اس کے پیش نظر ہم نے اسلام آباد شہر کو ہر صورت محفوظ رکھنا ہے، پولیس فورس نے ٹیم کی طرح مل کر کام کرنا ہے۔

پی ٹی آئی احتجاج، اسلام آباد میں میٹرو بس سروس بھی بند

وزیر داخلہ نے پولیس فورس کو ہدایت کی کہ اسلام آباد کے امن و امان کو خراب کرنے والے ہر شخص کو گرفتار کرنا ہے، اس بار اسلام آباد میں قانون ہاتھ میں لینے والے کسی بھی شخص کو واپس نہیں جانے دینا۔

انہوں نے کہا کہ دوران ڈیوٹی آپ نے تمام حفاظتی سامان پہننا ہے اور پوری احتیاطی تدابیر اختیار کرنی ہیں، پولیس فورس نے ہیلمٹ اور حفاظتی جیکٹس پہن کر فرائض سرانجام دینے ہیں، ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہمیشہ ساتھ کھڑے رہیں گے۔

اس بار کسی کو امن وامان کی صورتحال خراب کرنے نہیں دیں گے، شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔


متعلقہ خبریں