تین سال میں کراچی کے ہر گھر کو پانی فراہم کردیں گے ، شہبازشریف

کالا باغ ڈیم قومی اتحاد کی قیمت پر نہیں بن سکتا، شہباز شریف| urduhumnews.wpengine.com

کراچی: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدرشہباز شریف نے دعویٰ کیا ہے کہ اگر حکومت ملی توآئندہ تین سال کے اندر کراچی کے ہرگھر کو پینے کا پانی فراہم کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ  بھارت پاکستان سےعسکری طور پر نہیں لڑ سکتا اس لیے وہ پانی کی جنگ لڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں خود کو پانی کی اس جنگ کے لیے بھی تیار کرنا ہے۔

وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان میں صنعتکاروں اورتاجروں سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کالا باغ ڈیم قومی اتحاد کی قیمت پر نہیں بن سکتا۔ انہوں نے بھاشا ڈیم کو پانی کے مسئلے کا فوری حل قراردیتے ہوئے کہا کہ 100 ارب روپے سے بھاشا ڈیم کی تعمیر کے لیے زمین خریدی جاچکی ہے۔

پی ایم ایل (ن) کے مرکزی صدر نے کہا کہ اگرموقع ملا تو آئندہ پانچ سال میں بھاشا ڈیم کی تعمیر کا 70 سے 80 فیصد کام مکمل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب ہمیں حکومت ملی تو اس وقت بجلی کا بدترین بحران تھا اور18 سے 20 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جارہی تھی۔

شہباز شریف نے کہا کہ پی ایم ایل (ن) نے برسراقتدارآکر سستی بجلی کے لیے گیس پلانٹس لگائے، ملکی معیشت کو بہتر کیا اورکراچی سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر شہباز شریف نے کہا کہ سرکاری اداروں میں ون ونڈو آپریشن کے لیے پارلیمنٹ سے قانون منظور کرائیں گے اورکراچی میں بھی ون ونڈو آپریشن لے کر آئیں گے۔

پی ایم ایل (ن) کے مرکزی صدر شہباز شریف دو روزہ دورے پر آج صبح کراچی پہنچے ہیں۔ شہر قائد سے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کرنے کے لیے وہ اپنے حلقہ انتخاب میں منعقدہ جلسہ عام سے بھی خطاب کریں گے۔


متعلقہ خبریں