لاہور: مسلم لیگ نون کے رہنما اور سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ ہماری اداروں سے کوئی لڑائی نہیں اور نہ ہی ہمیں طاقت کے حصول کی کوئی جلدی ہے۔
لاہور میں اپنے انتخابی حلقہ این اے 131 میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے سعد رفیق نے کہا کہ شہباز شریف نے کبھی خود کو وزیراعلیٰ نہیں بلکہ ہمیشہ خادم اعلیٰ ہی سمجھا ہے اور خادم اعلیٰ بن کر ہی عوام کی خدمت کی، انہوں نے کہا کہ شہباز شریف میرے استاد ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلی دفعہ شہباز شریف کو وزیراعظم کے لیے نامزد کیا گیا ہے اور یقین ہے کہ وہ سب کی توقعات پر پورا اتریں گے، انہوں نے کہا کہ پاکستان آگے کی طرف جا رہا ہے، ہم اداروں سے نہیں لڑتے اور نہ ہی ہمیں طاقت کے حصول کی کوئی جلدی ہے۔
سعد رفیق نے عمران خان کا اپنے مقابلے میں انتخاب لڑنے کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہمیں ووٹ کو عزت دو کے موقف پر کھڑے رہنا ہے، عمران خان سمجھ رہے ہیں کہ نئی حلقہ بندیوں سے جیت جائیں گے لیکن پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ عمران خان لڑیں گے تو مزہ آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نون مضبوط ہوگی تو پاکستان مضبوط ہوگا، ہم نے ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی کا تہیہ کر رکھا ہے اور آخری فتح بھی عوام اور جمہوریت کی ہوگی، انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ نون لیگ کے ووٹر کی آنکھوں میں شرم ہے ، وہ اس نظام کو ماننے کے لیے تیار نہیں ہیں، آخری فتح اصولوں کی سیاست کی ہو گی اور سازش اور گالی کی سیاست کو شکست ہو گی۔