اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے اتوار 24 جون کی شام میانوالی سے ملک گیر انتخابی مہم شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے میڈیا ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کیے گیے پریس ریلیز کے مطابق عمران خان نے کہا ہے کہ 2002 میں اگر میانوالی کے عوام میرا ساتھ نہ دیتے تو شاید آج میں سیاست نہ کر رہا ہوتا، اس وقت اس علاقے کے لوگوں نے مجھے پہلی بار قومی اسمبلی کا رکن منتخب کیا، میانوالی کے نوجوانوں کی اس محنت کی بدولت تحریک انصاف آج ملک کی سب سے بڑی جماعت بن چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ اتوار کی شام میانوالی کے ہاکی اسٹیڈیم سے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کریں گے، تحریک انصاف کی حکومت پاکستان کو وہ ملک بنائے گی جس کیلئے اقبال نے خواب دیکھا اور قائداعظم نے کوشش کی۔
اس سے قبل عمران خان نے کمرمشانی سے اپنی الیکشن مہم کا آغاز کرنا تھا لیکن تحصیل عیسیٰ خیل میں کارکنوں کے مختلف گروہوں کے درمیان چپقلش کی وجہ سے اسے میانوالی منتقل کر دیا گیا ہے۔