انتخابات میں دہشت گردی کا خطرہ موجود ہے، نگراں وزیرداخلہ


اسلام آباد: نگراں وزیرداخلہ اعظم خان نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں دہشت گردی کا خطرہ پہلے بھی تھا اور اب بھی ہے، بھارتی خفیہ ایجنسی بلوچستان میں جو کچھ  کر رہی ہے وہ سب کے سامنے  ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے نگراں وزیرداخلہ نے کہا کہ ملک کے حالات پہلے سے بہتر ہوئے ہیں تاہم اب بھی عام انتخابات کے دوران کسی بھی سیاسی جماعت کی ریلی یا جلوس کو نشانہ بنانے کا خدشہ موجود ہے کیونکہ افغانستان سے 35  سال  سے چلنے والا مسئلہ سب کے سامنے ہے۔

انہوں نے کہا کہ زلفی بخاری کا نام بلیک لسٹ میں موجود تھا تاہم چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے زلفی بخاری کا نام نکالنے کے لیے فون نہیں کیا تھا۔

نگراں وزیرداخلہ نے عمران خان فاؤنڈیشن کا حصہ ہونے کے سوال پر کہا کہ عمران خان فاؤنڈیشن سیلاب زدگان کی امداد کے لیے بنائی گئی تھی اور وہ عمران خان کی بہن کی درخواست پر فاؤنڈیشن کا حصہ بنے تھے جبکہ وہ مختلف این جی اوز کا بھی حصہ رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں