لاہور، موسم خرابی کے باعث علامہ اقبال ایئرپورٹ آنے والی پروازوں کا رُخ موڑ دیا گیا

علامہ اقبال ایئرپورٹ

لاہور میں رات گئے شدید آندھی کے ساتھ بارش کے باعث تین پروازیں منزل تک نہ پہنچ سکیں، دو کو ملتان جبکہ ایک پرواز کو اسلام آباد اتارا گیا۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق نجی ایئرلائن کی کراچی سے لاہور آنے والی پرواز پی اے 406 اور اسی ایئر لائن کی ابوظہبی سے پرواز پی اے 431 کو بھی لاہور میں موسم کی خرابی کی وجہ سے ملتان منتقل کیا گیا۔

اسی طرح دمام، سعودی عرب سے لاہور آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 248 موسم کی خرابی کی وجہ سے علامہ اقبال ایئرپورٹ پر لینڈ نہ کر سکی جسے اسلام آباد لینڈ کرایا گیا۔

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش ہونے کی پیشگوئی

دوسری طرف کوالالمپور سے غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز کو لاہور لینڈ کرنے کے لیے کافی دیر تک فضا میں چکر کاٹنا پڑے۔ علاوہ ازیں لاہور سے روانہ ہونے والی کئی پروازیں بھی موسم خرابی کی وجہ سے متاثر رہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش اور تیز آندھی کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہوگیا۔ لاہور میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہونے والی بارش کے دوران درخت گرنے کے نتیجے میں دو موٹر سائیکل سوار زخمی ہوگئے۔


متعلقہ خبریں