نواز شریف کے خلاف خوشحال پاکستان اسکیم کی تحقیقات ختم


اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب)  نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف خوشحال پاکستان اسکیم کی تحقیقات بند کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

نواز شریف کے خلاف تحقیقات ختم کرنے کی منظوری چیئرمین نیب  جسٹس ریٹائرڈ  جاوید اقبال کی زیرصدارت ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں دی گئی جس میں سرکاری ٹی وی میں کرپشن اور غیر قانونی بھرتیوں کا مقدمہ ایف آئی اے  کو بھجوانے اور سابق سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈز اسلام آباد کے افسران کے علاوہ  ڈی ایچ اے اسلام آباد، بحریہ  ٹاؤن اور چیئرمین سی ڈی اے کے خلاف تحقیقات کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

اجلاس میں چوہدری برادران (چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الہٰی ) کے خلاف تحقیقات بند  کرنے جبکہ سابق چیئرمین این آئی سی ایل ایاز خان نیازی کے خلاف تحقیقات کی منظوری دی گئی۔

ایگزیکٹو بورڈ نے سابق رکن صوبائی اسمبلی خیبر پختونخوا ملک قاسم کے خلاف تحقیقات اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے مشیر امیر مقام  کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کی تحقیقات کی منظوری بھی دے دی۔


متعلقہ خبریں