نون لیگ نے چوہدری نثار کے مقابلے پر دو امیدوار میدان میں اتار دیے


لاہور: پاکستان مسلم لیگ نون نے سابق وزیرداخلہ چودھری نثارعلی خان کے مقابلے میں دو امیدواروں  کو ٹکٹ جاری کر دیے ہیں۔

مسلم لیگ نون کے ذرائع کا کہنا ہے کہ چونکہ چوہدری نثار نے ٹکٹ کے لیے درخواست نہیں دی تھی اس لیے ان کی جگہ انجینئرقمرالاسلام اور سردار ممتاز کو ٹکٹ دیا  گیا  ہے، قمرالاسلام این اے 59 اور سردارممتاز این اے 63 سے چوہدری نثار کے مدمقابل ہوں گے۔

پانامہ لیکس کے بعد کی صورتحال کے باعث چوہدری نثارعلی خان اور پاکستان مسلم لیگ نون کے قائد نواز شریف کے درمیان اختلافات کی جس خلیج نے جنم لیا اس میں وقت کے ساتھ  ساتھ  مسلسل اضافہ ہوتا گیا اور نوبت یہاں تک پہنچ گئی کہ انہوں نے انتخابات کے لیے ٹکٹ کی درخواست نہیں دی جس کی وجہ سے انہیں ٹکٹ دینے سے انکار کر دیا گیا۔

چند روز قبل چوہدری نثار نے کہا تھا کہ مجھے ٹکٹ نہ دینے کے لیے مضحکہ خیز ڈرامے کیے جا رہے ہیں، میں الیکشن کے لیے ان کے ٹکٹ کا امیدوار یا محتاج نہیں ہوں۔

پرویزرشید نے ان پر چوٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ چوہدری نثارآزاد لڑیں یا غلام، ان کی مرضی، انہوں نے پارٹی سے ٹکٹ نہیں مانگا جبکہ ٹکٹ تبھی ملتا  ہے جب مانگا جاتا ہے۔


متعلقہ خبریں