سری نگر: مقبوضہ کشمیر کی کٹھ پتلی وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئی ہیں جبکہ استعفیٰ دیتے وقت انہوں نے یہ اعتراف بھی کیا ہے کہ مسئلہ کشمیر صرف مذاکرات سے ہی حل ہو سکتا ہے۔
سری نگر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا کہ سری نگر کسی دشمن کا علاقہ نہیں اس لیے مسئلہ کشمیر طاقت سے حل نہیں ہوسکتا بلکہ اس مسئلہ کا حل صرف مذاکرات ہیں، انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے پاکستان اور کشمیریوں سے بھی بات ہونی چاہیئے کیونکہ ہم مفاہمت اور بات چیت کی پالیسی پر یقین رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے لوگوں کی خدمت کے لیے بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی ) سے ہاتھ ملایا تھا اور باہمی ایجنڈا طے کرنے میں کئی ماہ بھی صرف ہوئے تھے لیکن اب احساس ہوتا ہے کہ ہم ساتھ نہیں چل سکتے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں حکمران جماعت پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی سے اختلاف کے بعد بی جے پی نے حکومتی اتحاد سے علیحدگی کا اعلان کر دیا ہے جس کے بعد ایوان میں اکثریت نہ رہ جانے کی وجہ سے محبوبہ مفتی نے استعفیٰ دیا ہے۔