این ڈی ایم اے نے شدید بارشوں کے ایک اور اسپیل کی وارننگ جاری کردی

شدید بارش rain

این ڈی ایم اے نے ملک بھر میں شدید بارشوں کے ایک اور اسپیل کی وارننگ جاری کر دی ہے۔

ملک بھر میں بارشوں اور برفباری کے بعد سردی کی نئی لہر شروع ہو گئی جبکہ شدید بارش اور برفباری کے بعد لینڈ سلائیڈنگ سے کئی اہم شاہراہیں اور رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں۔

پاک پتن اور قصور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی بارش اور ژالہ باری ریکارڈ کی گئی جبکہ کراچی میں یخ بستہ ہواؤں نے سردی کی شدت میں اضافہ کردیا ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے آج سے سات مارچ تک ملک میں شدید بارشوں کے ایک اور اسپیل کی وارننگ جاری کردی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان میں آج شام سے بارشوں کے نئے اسپیل کاامکان ہے، گوادر سمیت بلوچستان کے 16 اضلاع میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

بلوچستان کے شمالی علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے اورسردی کی شدت برقرار رہنے کی پیشگوئی ہے، بلوچستان میں بارشوں کے نئے اسپیل کے پیشِ نظر الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ خیبر، سوات، پارا چنار اور ضلع کرم سمیت مختلف علاقوں میں گزشتہ 4 روز سے وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری رہا، دیر بالا میں شدید برفباری کے باعث 5 روزہ انسداد پولیو مہم ملتوی کردی گئی ہے۔

بارش اور برفباری کے بعد مالم جبہ، کالام، اوشو اور گبرال جانے والی سڑکیں بند ہو گئی ہیں اور مری میں بھی 2 روز سے جاری بارش کے بعد برفباری کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔

بلوچستان کے علاقے کان مہترزئی پر ایم 50 شاہراہ کو ٹریفک کیلئے بحال کردیا گیا ہے جبکہ کوہ سلیمان رینج میں دھاناسر کے مقام پر روڈ کلئیرنس آپریشن مکمل ہونے کے بعد خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے درمیان بھی ٹریفک بحال کردیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں