9 مئی واقعات، چیف جسٹس اپنی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن قائم کریں، بلاول بھٹو

9 مئی واقعات، چیف جسٹس اپنی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن قائم کریں، بلاول بھٹو

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ بزرگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ ایسے فیصلے لیں جس سے ادارہ مضبوط ہو، پارلیمان کے ممبران کی تقریر کو لائیو چلنا چاہیے، محمود اچکزئی کے گھر پر چھاپے کی مذمت کرتا ہوں۔

قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپنے خاندان کا تیسری نسل کا نمائندہ ہوں جو منتخب ہوا ہوں۔ پارلیمنٹ کا سنگ بنیاد ذوالفقار علی بھٹو نے رکھا تھا، میں اس کا نواسا ہوں جس نے پھانسی قبول کی لیکن اپنے اصولوں پو سودا نہیں کیا۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پارلیمان سب کا ہے، یہ ہاؤس تمام اداروں کی ماں ہے، ایوان میں احتجاج کے نام پر ایک دوسرے کو گالیاں دینے پر دکھ ہوا۔ نظام کو کمزور نہیں بلکہ مضبوط کرنے کی کوشش کرنی چاہیے، پاکستان خطرناک مرحلے میں پہنچ چکا ہے۔

جمشید دستی کے الزامات جھوٹے اور بے بنیاد قرار

سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ جو لوگ یہاں احتجاج کر رہے ہیں انہیں پچھلے 6 ماہ سے آئین یاد آرہا ہے، وہ لیکچر دینا چاہیں تو ایک دوسرے کو دیں ہمیں نہ دیں۔ اگر یہ ہم سے آئین اور جمہوریت پر بات کریں گے تو میں اتنا کہوں گا کہ ‘ہو دا ہیل آر یو’؟

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کی تقریر کو سرکاری ٹی وی پر نہیں دکھا گیا، پارلیمان کے ممبران کی تقریر کو لائیو چلنا چاہیے۔ وزیراعظم نے مفاہمت کی بات کی ،ہم اس کی توثیق کرتے ہیں، وزیراعظم نے جو نکات اٹھائے ان پر عمل ہو تو بحران ختم کرسکتے ہیں۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ بات چیت کے بغیر کوئی حکومت نہیں بن سکتی، پارلیمان میں کسی کے پاس اکثریت نہیں۔ تقسیم مینڈیٹ کی وجہ سے ایک جماعت فیصلہ نہیں کرسکتی، عوام نے اس لیے ووٹ دیا کہ ان کو معاشی بحران سے بچائیں، میثاق معیشت پر کوئی ایک جماعت فیصلے نہیں کرسکتی۔

قومی اسمبلی میں تقریر: عمر ایوب ، شہبازشریف پر بازی لے گئے

بلاول نے سنی اتحاد کونسل کے اراکین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ تو ایک جملے پر چیخ اٹھے ہیں، ہم تو ان کے جھوٹ کو بے نقاب کریں گے۔ یہ جذباتی لوگ ہیں ،ان کو کیا کہوں، اپوزیشن اراکین حوصلہ رکھیں ،ہماری بات سن لیں۔

انہوں نے کہا کہ محمود اچکزئی کے گھر پر چھاپے کی مذمت کرتا ہوں، اس معاملے کی وجہ سے صدارتی الیکشن کو بلاوجہ متنازع کیا جارہا ہے۔ بلاول بھٹو نے محمود اچکزئی کے گھر پر مبینہ چھاپے کے خلاف کارروائی کرنے کی اپیل بھی کردی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ حکومت چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے درخواست کرے کہ وہ اپنی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن قائم کریں تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو سکے۔


متعلقہ خبریں