کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی


پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 9 کے آٹھویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے دیا گیا 139 رنز کا ہدف کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے 19ویں اوور میں حاصل کرلیا۔

میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

یونائیٹڈ کی جانب ایلکس ہیلز نے 9 گیندوں پر 21 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو دھواں دار آغاز فراہم کیا، جبکہ ان کے آؤٹ ہونے کے بعد سلمان علی آغا نے بھی محمد حسنین کے ایک ہی اوور میں 18 رنز بٹور لیے۔

اس موقع پر یوں محسوس ہورہا تھا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم بورڈ پر بڑا ٹوٹل سجا دے گی، تاہم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بولرز نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کے بلے بازوں کی رنز بنانے کی اسپیڈ کو بریک لگادی۔

سلمان علی آغا اور کولن منرو کے درمیان 40 رنز کی پارٹنرشپ بنی، تاہم 69 کے مجموعے پر پہلے کولن منرو آؤٹ ہوگئے۔ اسکے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کے بیٹرز کی وکٹیں خزاں رسیدہ پتوں کی طرح گرنے لگیں۔

72 پر کپتان شاداب خان، 80 پر اعظم خان، 87 پر 33 رنز بنانے والے سلمان علی آغا، 105 پر 9 رنز بنانے والے عماد وسیم، 118 پر 19 رنز بنانے والے جارڈن کوکس آؤٹ ہوئے۔

میچ کے اختتامی لمحات میں فہیم اشرف کے 20 رنز کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز بناسکی۔

گلیڈی ایٹرز کے مسٹری اسپنر ابرار احمد نے 4 اوور کے کوٹہ میں صرف 18 رنز دے کر 3 اہم وکٹیں حاصل کیں۔

فاسٹ بولر محمد وسیم نے بھی زبردست بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے 4 اوورز کے کوٹہ میں 20 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ کوئٹہ کے دیگر کھلاڑیوں میں اکیل حسین نے 2 جبکہ محمد حسنین نے ایک وکٹ لی۔


متعلقہ خبریں