خدمت کے ریکارڈ قائم کریں گے، مریم نواز کا دعویٰ


لاہور: مسلم لیگ ن کی رہنما اور نامزد وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دعویٰ کیا ہے کہ پنجاب کی عوام نے واضح مینڈیٹ دیا ہے یہاں خدمت کے ریکارڈ قائم کریں گے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کی نامزد وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک مشکل انتخابات تھے تاہم پنجاب کی عوام نے ن لیگ کو واضح مینڈیٹ دیا ہے جس پر ہم عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پنجاب میں نوجوانوں کو قرضے دینے ہیں اور خواتین کے لیے کام کرنا ہے۔ پاکستان میں کوئی آئی ٹی سٹی نہیں ہے تاہم ہم کوشش کریں گے کہ 5 آئی ٹی سٹیز قائم کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: خدمت، دیانت اور محنت کی روایت آگے بڑھائیں گے، شہباز شریف

مریم نواز نے کہا کہ سال 2015 میں سابق وزیر اعظم نواز شریف نے پہلا صحت کارڈ بنایا تھا جس میں کبھی کرپشن کی کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی تھی اور اب وہی صحت کارڈ ہے جس میں 5 سالوں میں کرپشن کی نئی داستان شروع ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری لائیں گے اور صحت کی مفت سہولیات پر کام کریں گے۔ پنجاب میں 5 سال بعد کوئی ایسی گلی نہ ہو جو ٹوٹی ہوئی ہو۔ دوسرے صوبوں کی عوام کی خواہش تھی کہ ان کا بھی شہباز شریف جیسا کوئی وزیر اعلیٰ ہو۔

مریم نواز نے کہا کہ نئے آنے والے امیدوار ن لیگ کی فیملی کا حصہ ہیں۔ پاکستان اور پنجاب کی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ ہونے کا اعزاز اللہ نے مجھے دیا ہے جو میں پاکستان کی خواتین کے نام کرتی ہوں۔


متعلقہ خبریں