ملک کے مختلف مقامات پر بارش، بالائی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ شروع

بارش

اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں بارش کا سلسلہ جاری، بالائی علاقوں میں برف باری جبکہ کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بوندا باندی کا امکان ہے۔

اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں ہلکی بارش کے بعد سردی کی شدت بڑھ گئی۔ لاہور میں بھی بادلوں نے ڈیرے ڈال لیے، شہر میں اس وقت درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن کے مطابق کراچی کے کچھ علاقوں میں بوندا باندی کا امکان ہے۔ شہرِ کراچی میں آئندہ 36 سے 48 گھنٹوں کے دوران تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے جن کی رفتار 50 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔

دوسری طرف پاراچنار اور قریبی علاقوں میں بھی ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی۔ سینٹرل کرم میں بھی ہلکی برفباری کے بعد موسم ٹھنڈا ہو گیا۔ وادی نیلم میں بارش اور بالائی علاقوں میں بھی برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔

نیلم، اپر نیلم، لوات بالا شاردہ، اڑانگ اور کیل ہلمت تاوبٹ میں برفباری ہوئی جس کے باعث بالائی علاقوں میں شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔


متعلقہ خبریں