نوجوانوں کے بغیر دہشتگردی کیخلاف فتح ممکن نہیں تھی، نگران وزیر اعظم

anwar ul haq

اسلام آباد: نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ نوجوانوں کے بغیر دہشتگردی کے خلاف جنگ میں فتح ممکن نہیں تھی۔

اسلام آباد کے جناح کنونشن میں پاکستان نیشنل یوتھ کنونشن 2024 میں شرکا سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے بحیثیت قوم دہشت گردی کی لعنت کا انتہائی بہادری سے مقابلہ کیا اور ہم نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بےمثال قربانیاں دی ہیں۔

نگران وزیر اعظم نے دہشت گردی کی لعنت کے خلاف جنگ میں مسلح افواج کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابیاں نوجوانوں کی شمولیت اور حمایت کے بغیر ممکن نہیں تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: مزید 2 امیدوار علیم خان کے حق میں دستبردار

انہوں نے کہا کہ نوجوان ہماری آبادی کا 65 فیصد ہیں اور ہمیں پاکستان کا ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دینا ہے۔ پاکستان کے خلاف شروع شیطانی پروپیگنڈے کو مسترد اور اس کا اجتماعی طور پر مقابلہ کرنا چاہیے۔

نگران وزیر اعظم نے کہا کہ نوجوان قومی سلامتی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے تعمیری کردار ادا کر سکتے ہیں۔

تقریب میں شریک آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے سوشل میڈیا پر بڑھتے ہوئے پروپیگنڈے کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ہمارا مذہب ہمیں کسی بھی بات پر یقین کرنے سے پہلے تحقیق کا حکم دیتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک کے بارے میں پھیلایا جانے والا جھوٹا پروپیگنڈا ہمارے ملک کو میسر اللہ تعالی کی نعمتوں سے روح گردانی ہے۔ ہمیں اپنے ملک، اس کی افرادی قوت اور اس میں موجود قدرتی وسائل اور سب سے بڑھ کر اپنی قومی شناخت پر اعتماد اور فخر ہونا چاہیے۔

سوشل میڈیا کے منفی اثرات کو مزید واضح کرتے ہوئے آرمی چیف نے شرکاء کو متنبہ کیا کہ ان منفی اثرات سے بچاؤ ہر شخص کی اپنی ذمہ داری ہے۔


متعلقہ خبریں