پیپلز پارٹی کے انتخابی دفتر پر پیٹرول بم حملہ


لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور میں پیپلز پارٹی کے انتخابی دفتر پر پیٹرول بم حملہ کیا گیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

پیپلز پارٹی کے مرکزی الیکشن سیل کے انچارج سینیٹر تاج حیدر نے انتخابی دفتر پر بم حملے سے متعلق چیف الیکشن کمیشنر کو خط لکھ دیا۔

سینیٹر تاج حیدر کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ پنجاب کے علاقے ستوکتلہ میں بلاول بھٹو زرداری کے انتخابی دفتر پر گزشتہ روز پٹرول بم سے حملہ کیا گیا۔ حملہ آوروں نے بم دفتر کے گیٹ پر پھینکا۔

یہ بھی پڑھیں: مسلم لیگ ن نے آزاد امیدوار کی حمایت کر دی

انہوں نے کہا کہ پیٹرول بم حملے کی اطلاع پولیس اسٹیشن پر کر دی گئی تاہم پولیس اسٹیشن کی جانب سے کوئی ایف آئی آر درج نہیں کی گئی۔

خط میں چیف الیکشن کمشنر سے درخواست کی گئی کہ علاقے میں کوئی بھی سیکیورٹی خطرہ سنگین معاملہ ہے جبکہ آئی جی پنجاب اور سی پی او لاہور کو ہدایت کی جائے کہ وہ حملے کی مکمل تحقیقات کر کے مجرموں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کریں۔

پیپلز پارٹی کی سیکرٹری اطلاعات شازیہ مری نے کہا کہ لاہور میں بلاول بھٹو زرداری کے انتخابی کیمپ پر حملہ بزدلانہ کارروائی ہے اور پولیس کی طرف سے ایف آئی آر درج کرنے سے انکار تمام راز فاش کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تھوڑی سی سرزنش پر ڈیل کر کے ملک چھوڑ کر بھاگنے والے شکست کے خوف میں مبتلا ہیں، این اے 127 میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جیت سے مخالفین بدحواس ہو گئے ہیں۔


متعلقہ خبریں