کیچ میں دہشتگردوں کا حملہ، 5 اہلکار شہید، 3 دہشتگرد ہلاک


کیچ: بلوچستان کے علاقے ضلع کیچ میں دہشتگردوں کے حملے میں 5 سیکیورٹی اہلکار شہید ہو گئے، جوابی کارروائی میں 3 دہشتگرد مارے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ضلع کیچ کے علاقے بلیدہ میں آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران دہشتگردوں نے سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر حملہ کر دیا۔

دہشت گردوں کے حملے میں 5 اہلکار شہید ہو گئے جبکہ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد ہلاک مارے گئے۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار، پی ٹی آئی سے بلا چھن گیا

شہید ہونے والے اہلکاروں میں پنجاب کے شہر ساہیوال سے تعلق رکھنے والے 23 سالہ سپاہی ٹیپو رزاق، کراچی سے تعلق رکھنے والے 24 سالہ سپاہی سنی شوکت، ضلع لسبیلہ سے تعلق  رکھنے والے 23 سالہ سپاہی شفیع اللہ، اورکزئی سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ لانس نائیک طارق علی اور ضلع میانوالی سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ سپاہی محمد طارق خان شامل ہیں۔

اس سے قبل سیکیورٹی فورسز کی خیبر پختونخوا میں 2 مختلف کارروائیوں میں انتہائی مطلوب 4 دہشت گرد مارے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 2 الگ الگ آپریشنز کے دوران 4 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد مارے گئے۔

مارے جانے والے دہشت گردوں کی کمانڈر تبسم عرف قادر مان اور ساجد عرف سرکنڈی کے نام سے شناخت ہوئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں بھی سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے مشترکہ آپریشن کیا، آپریشن کے دوران دو دہشت گرد مارے گئے، مارے جانے والے دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا۔


متعلقہ خبریں