نئے سال کا دوسرا ہفتہ، 21 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ


اسلام آباد: نئے سال کے دوسرے ہفتے بھی مہنگائی کی شرح میں اضافہ ہوا اور 21 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔

سال 2024 کے دوسرے ہفتے بھی مہنگائی کا جن بےقابو رہا اور ملک میں مہنگائی کی شرح میں اضافہ کی رفتار تیز رہی۔

ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 1.36 فیصد اضافہ ہوا جبکہ سالانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح بھی 44.2 فیصد کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی۔

وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 21 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ 8 کی قیمتوں میں کمی ہوئی اور 22 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مستحکم رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں چیلنجز کے باوجود معاشی سرگرمیوں میں استحکام رہا، آئی ایم ایف

جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق حالیہ ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر، مرغی، انڈے، پیاز، ماچس اور دالوں سمیت کئی اشیا مہنگی ہوئیں، جن میں ٹماٹرکی قیمت میں 15.63 فیصد، مرغی کی قیمت میں 6.42 فیصد، انڈوں کی قیمت میں 4.31 فیصد، دال ماش کی قیمت میں 0.83، دال چنا کی قیمت میں 2.11 فیصد، پیاز کی قیمت میں 8.94 فیصد، ایل پی جی کی قیمت میں 2.29 فیصد اور ماچس کی قیمت میں 2.56 فیصد اضافہ ہوا۔

رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران آلو کی قیمت میں 5.92 فیصد، دال مونگ کی قیمت میں 0.06 فیصد، کھانے پکانے کے تیل کی قیمتوں میں 0.17 فیصد جبکہ ویجیٹیبل گھی کی قیمتوں میں 0.29 فیصد، سرسوں کے تیل کی قیمت میں 0.26 فیصد، لہسن کی قیمت میں 0.13 فیصد اور چینی کی قیمتوں میں 0.43 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔


متعلقہ خبریں