مودی کا مذاق اڑانے پر مالدیپ کے وزرا عہدوں سے فارغ


مالے: بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا سوشل میڈیا پر مذاق اڑانے پر مالدیپ حکومت نے اپنے 3 وزرا کو عہدوں سے فارغ کر دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق مالدیپ حکومت نے اپنے 3 نائب وزیروں کو سوشل میڈیا پر بھارتی وزیراعظم کا مذاق اڑانے کے الزام میں معطل کر دیا۔

عہدوں سے فارغ کیے جانے والے وزرا میں مالدیپ امور نوجوان کی نائب وزیر مریم شعونہ سمیت مالسا شریف اور محزوم ماجد شامل ہیں جنہوں نے سوشل میڈیا پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو دہشت گرد، اسرائیلی یہودی لابی کی کٹھ پتلی اور مسخرہ قرار دیا تھا۔

صدر مالدیپ محمد معیزو نے تینوں وزرا کی معطلی اور ان کے خلاف تحقیقات کا حکم دے دیا۔

واضح رہے کہ مالدیپ اور بھارت کے درمیان تعلقات سردمہری کا شکار ہیں اور مالدیپ کے نومنتخب صدر محمد معیزو نے عہدہ سنبھالنے کے بعد برسوں پرانی روایت توڑتے ہوئے پہلا سرکاری دورہ بھارت کا کرنے سے انکار کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب کا انوکھا کارنامہ، نام گنیز آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل

مالدیپ کے نو منتخب صدر محمد معیزو نے مودی سرکار کی مداخلت کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے اور انہوں نے بھارت کے مالدیپ کے وسائل پر قابض ہونے کا خواب چکنا چور کر دیا۔

مالدیپ کے صدر محمد معیزو نے برسوں پرانی روایت توڑتے ہوئے اپنا پہلا سرکاری دورہ بھارت کا کرنے کے بجائے ترکیہ جانے کا اعلان کر دیا اور تمام ہندوستانی فوجیوں کو بھارت واپس جانے کا حکم دے دیا۔

محمد معیزو نے مالدیپ میں بھارتی فوج کی موجودگی کو ملکی استحکام کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی منظوری کے بغیر غیر ملکی فوجیوں کی مالدیپ میں تعیناتی آئین کے منافی اور بین الاقوامی قدروں کے خلاف ہے۔

صدارت کا منصب سنبھالنے کے بعد محمد معیزو نے بھارت سے تعلقات کو پس پشت ڈالتے ہوئے مالدیپ کی خارجہ پالیسی کو ازسرنو ترتیب دینے کا اعلان بھی کر دیا۔


متعلقہ خبریں