اسلام آباد ہائیکورٹ نے سائفر کیس میں ٹرائل کورٹ کے آرڈر کیخلاف بانی پی ٹی آئی عمران خان کی درخواست پر ایف آئی اے کو نوٹس جاری کر دیا ، جبکہ بانی پی ٹی آئی کے وکیل کو فرد جرم عائد کرنے کے عدالتی حکمنامے کیخلاف درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرنے کی ہدایت کر دی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن نے آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت کے 28 نومبر کے فیصلے کیخلاف سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کی۔
عمران خان نے فرد جرم سمیت سائفر کیس کی پوری کارروائی اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دی
وکیل درخواست گزار نے کہا کہ رجسٹرار آفس کا اعتراض ہے کہ درخواست میں استدعا ٹھیک نہیں کی گئی، جسٹس میاں گل حسن نے کہا کہ آپ اپنے آپ کو عبوری حکم کیخلاف استدعا تک محدود رکھیں،اب میں ہر اعتراض کو تو دور نہیں کر سکتا۔
عدالت نے کہا کہ اس پر تو درخواست نامکمل ہونے کا اعتراض بھی لگا ہے، آپ اس کو دیکھیں، عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی درخواست پر ایک اعتراض ختم کرتے ہوئے وکیل کو ہدایت کی کہ باقی اعتراض دیکھ کر ان کو ختم کریں۔