ہمارے دور کی پالیسیاں جاری رہتیں تو آج پاکستان ترقی کی رفتار میں کہیں آگے،نواز شریف

نواز شریف

نواز شریف ہی وزیراعظم ہونگے،برطانیہ کے بعد امریکی و روسی میڈیا کی بھی پیشگوئی


قائد پاکستان مسلم لیگ و سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ہمارے دور کی پالیسیاں جاری رہتیں تو آج پاکستان ترقی کی رفتار میں کہیں آگے،ڈالر چالیس یا پچاس روپے کا ہوتا،جو منصوبہ 2018ء میں مکمل ہونا چاہیے تھا بدنصیبی سے آج تک مکمل نہیں ہو پایا۔ 

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے نواز  شریف نے کہا کہ 2013سے 2018ء کے دوران ہمارے دور میں مہنگائی سالانہ 12فیصد سے کم ہو کر چار فیصد پر آگئی تھی جبکہ کھانے پینے کی اشیا کی مہنگائی دو فیصد پر تھی ہمارے دور میں ترقی کی شرح 6فیصد سے زیادہ تھی جبکہ پالیسی ریٹ 5.5فیصد پر لے آئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سٹاک مارکیٹ انڈیکس 21ہزار پوائنٹس سے بڑھ کر 54ہزار پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔

ہم نے تین سٹاک ایکسچینجز کو پاکستان سٹاک ایکسچینج میں تبدیل کیا جو دنیا کی پانچویں بہترین سٹاک ایکسچینج قرار پائی اور ایکسپورٹ ری فائنانس ریٹ 3فیصد کی سطح تک کم کیا گیا جو اب دوگنا ہوچکا ہے۔

ہم نے لانگ ٹرم فائنانس فسیلٹی ریٹ تین فیصد تک کم کیا جو اب ڈبل ڈیجٹ میں جا چکا ہیں، ہمارے دور میں جی ڈی پی کی شرح سے ٹیکس وصولیوں کو دوگنا کیا گیا، 9.8سے ٹیکس وصولیوں کی شرح 12.4فیصد ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے سرکاری شعبے کے ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی)کا حجم 348ارب سے بڑھا کر ایک ہزار ارب کیا اور چار سال اپنے دور میں ڈالر کو 104پر رکھا، ہمارے دور کی پالیسیوں کی وجہ سے نجی شعبے کے لئے کریڈٹ 8ارب سے بڑھ کر 733ارب ہوا۔

ہم پاکستان کی معاشی مشکلات کو سمجھتے ہیں،آپ سے ہمیشہ مشاورت کی ہے، مشاورت سے ہی آگے بڑھیں گے،ہماری بنائی پالیسیوں سے پاکستان کی کاروباری برادری نے بھرپور عمل کیا۔

ہماری بنائی پالیسیوں کو بھارت نے اپنایا اور معاشی ترقی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ1990ء کے بعد سے ہم نے کاروبار کو روایتی دائروں سے آزادی دلائی جبکہ دیگر ممالک بھی ان مراحل سے گزرے ہیں۔

ہم نے پالیسیاں بنائیں تو خزانہ بھرنا شروع ہوگیا، انڈسٹری میں آنے والے پیسے کے بارے میں نہ پوچھنے کی پالیسی ہونی چاہیے۔

1990ے کے دور کی ہماری پالیسیاں اور ترقی کی رفتار جاری رہتی تو آج پاکستان ترقی کی رفتار میں کہیں آگے ہوتا،عوام کو مہنگائی، غربت سے نجات دلانا ہماری ذمہ داری اور فرض ہے، اگر لوگ ترقی مانگتے ہیں، تعلیم اور صحت مانگتے ہیں تو یہ ان کا حق ہے اور یہ سہولیات فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ2013سے 2017کے دوران پاکستان دنیا کی چوبیسویں معیشت بن چکا تھا،ہم نے چار سال ڈالر کو 104پر باندھ کر رکھا، ہمارے دور کی ترقی اور پالیسی جاری رہتی تو ڈالر آج چالیس یا پچاس روپے کا ہوتا۔


ٹیگز :
متعلقہ خبریں