بلوچستان کو اس کا مقام دلائیں گے، نواز شریف

کامیابی چیلنج

کوئٹہ: مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کو موقع ملا تو بلوچستان کو اُس کا مقام دلائیں گے۔

مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لواری ٹنل کا ذکر ذوالفقار علی بھٹو کے دور سے سن رہا ہوں اور 2013 میں ہمارے آنے تک لواری ٹنل مکمل نہیں ہوئی تھی لیکن پھر ہم نے 30 ارب روپے لگا کر لواری ٹنل کو مکمل کیا۔ چترال کے علاقوں کو ملایا اور اب لوگ روز دعائیں دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نےغازی بروتھا پلانٹ مکمل کیا جو پورے ملک کو بجلی دے رہا ہے اور ہم نے گلگت سے لے کر اسکردو تک 60 ارب روپے لگا کر سڑک مکمل کی۔ گلگت بلتستان کا سالانہ بجٹ 6 ارب ہوتا تھا مگر حکومت نے 60 ارب خرچ کر دیئے جبکہ ہم نے آزاد کشمیر کو مثالی منصوبے دیئے اور ان کا بجٹ کئی گنا بڑھایا۔ ہمارا گلگت اور آزاد کشمیر پر یا کسی اور پر کوئی احسان نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سابق وزیراعلی بلوچستان جام کمال سمیت 30 سے زائد شخصیات کا ن لیگ میں شمولیت کا اعلان

نواز شریف نے کہا کہ قوم کا جو پیسہ ہے اسے قوم کی فلاح پر خرچ ہونا چاہیے اور جو قوم کا پیسہ قوم پر نہیں لگاتا وہ مجرم ہے۔ کوئٹہ ویسے کا ویسا ہے اسے بہتر ہونا چاہیے تھا تاہم کوئی بات نہیں بہتری کی ہر وقت گنجائش موجود ہوتی ہے۔ مسلم لیگ ن کو موقع ملا تو بلوچستان کو اُس کا مقام دلائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن بلوچستان کے عوام کی بھر پور خدمت کرے گی۔ ہوا میں نہیں اپنے سابقہ ریکارڈ کو سامنے رکھ کر بات کر رہا ہے اور بلوچستان سے ہمارے کام نکال دیں تو باقی اس میں کچھ نہیں بچتا۔ ایسا کوئی منصوبہ بتائیں جس نے بلوچستان کی تقدیر بدل دی ہو۔

قائد مسلم لیگ ن نے کہا کہ سی پیک منصوبہ کو ہمارے بعد میں آنے والی حکومت نے تباہ کیا اور اگر سی پیک منصوبہ ویسے چلتا رہتا تو آج بلوچستان ترقی یافتہ پوزیشن میں ہوتا۔ گوادر میں ایک اسٹیٹ آف دی آرٹ ائیر پورٹ بن رہا ہے اور گوادر ائیر پورٹ بنایا ہے تو اسے دن رات مصروف رکھنا چاہیے۔ گوادر ائیر پورٹ کو میڈل ایسٹ یا گالف کا کوئی ایئر پورٹ جیسا ہونا چاہیے۔


متعلقہ خبریں