الخدمت فاؤنڈیشن اور عالمی ادارہ صحت کے مابین اہم معاہدہ


اسلام آباد: الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان اور عالمی ادارہ صحت کے درمیان بنیادی صحت کی سہولیات میں باہمی تعاون کا معاہدہ طے پا گیا۔

الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمن اور نمائندہ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) ڈاکٹر پالیتھا مہیپالا نے بنیادی صحت کی سہولیات میں باہمی تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے۔

الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے تحت باہمی تعاون کے معاہدے کی تقریب میں چیئرمین الخدمت ہیلتھ فاؤنڈیشن پاکستان ڈاکٹر زاہد لطیف، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر محمد عثمان ظفر سمیت دیگر ذمہ داران بھی شریک تھے۔

معاہدے کا مقصد بنیادی صحت بالخصوص ماں اور بچے کی صحت، غذائیت، ذہنی صحت اور ہنگامی ردعمل کے شعبوں میں خدمات تک رسائی بڑھانے اور مضبوط کرنے کے لیے باہمی تعاون ہے۔

اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت عالمی ادارہ صحت، الخدمت فاؤنڈیشن کے ہیلتھ کیئر پروفیشنلز کی استعداد کار میں اضافہ کرنے کے لیے مدد کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت باہمی تعاون کے معاہدے کے تحت سندھ کے علاقے تھرپارکر میں قائم الخدمت اسپتال میں نیوٹریشن سٹیبلائزیشن سینٹر قائم کرے گا۔

ڈاکٹر حفیظ الرحمان نے کہا کہ ڈبلیو ایچ او اس ہیلتھ سینٹرکو چلانے کے لیے طبی سازوسامان فراہم کرنے کے ساتھ صحت کی خدمات فراہم کرنے والے عملے کو تربیت بھی دے گا تاکہ شدید غذائی قلت کی وجہ سے پیچیدگیوں کا شکار بچوں کی صحت کا بہتر طور پر خیال رکھا جا سکے۔


متعلقہ خبریں