ملک بھر میں بارشوں اور پہاڑوں پر برف باری کی پیشگوئی

Rain

ملک بھر میں آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

جمعہ کی شام سے مغربی ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی، جس کی وجہ سے محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، خطہ پوٹھوہار اور شمال مشرقی پنجاب میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 14 سے 17 اکتوبر کے دوران بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔خیبرپختونخوا میں آج شام سے بارشوں اورتیز ہواؤں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیا ت کے مطابق خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں پہاڑوں پر برفباری کابھی امکان ہے، پی ڈی ایم اے کی جانب سے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کیلئے مراسلہ جاری کیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں سے خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے،پی ڈی ایم اے نے اداروں کی ہدایت کی ہے کہ سڑکوں کی بندش کی صورت میں ٹریفک کیلئے متبادل راستے فراہم کئے جائیں۔

محکمہ موسمیات نے ملک میں بارش اور برفباری کا نیا سپیل آج سے شروع ہونے کی پیش گوئی کی ہے جبکہ لاہور، راولپنڈی اور گوجرانولہ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 13 اکتوبر کو مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک میں داخل ہوگا۔13 سے 17 اکتوبر تک لاہور، اسلام آباد، فیصل آباد، گوجرانولہ سمیت کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔

17 اور 18 اکتوبر کو سندھ اور بلوچستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق سوات، مانسہرہ، ملاکنڈ، ایبٹ آباد سمیت مختلف علاقوں میں بارش ہوسکتی ہے، جبکہ خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر، گلگت بلتستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔چترال سوات مری سمیت پہاڑی علاقوں میں پانی کا بہاؤ تیز ہونے کی وجہ سے لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔


متعلقہ خبریں