بیجنگ: برطانوی انٹیلی جنس رپورٹ کے مطابق چینی آبدوز امریکہ کے لیے بچھائے گئے اپنے ہی جال میں پھنس کر تباہ ہو گئی۔ حادثے میں چینی بحریہ کے 55 اہلکار ہلاک ہوئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے نے ملکی انٹیلی جنس کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ شنگھائی کے شمال میں شانڈونگ صوبے کے قریب آبدوز میں آکسیجن ختم ہو گئی تھی اور یہ اپنی ہی افواج کے نصب کردہ چین اور لنگر سے ٹکرا کر سمندری فرش میں پھنس گئی۔
رپورٹ کے مطابق واقعہ یلو سی میں پیش آیا تاہم تائیوان کی جانب سے آبدوز حادثے تردید کی گئی ہے۔ چینی بحریہ کی آبدوز کی شناخت ”093-417“ کے طور پر کی گئی ہے اور کہا گیا کہ 21 اگست کو آبدوز میں تباہ کن خرابی پیدا ہوئی جس سے عملہ دم گھٹنے کا شکار ہوا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شنگھائی کے شمال میں شانڈونگ صوبے کے قریب اپنی ہی افواج کے ذریعے نصب کردہ سمندری جال میں آبدوز کے پھسنے کے بعد اس میں آکسیجن ختم ہو گئی تھی، مرنے والوں میں کپتان اور 21 افسران شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وینس میں بس حادثہ، غیر ملکیوں سمیت 21 افراد ہلاک
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ سب میرین سمندر کی تہہ میں لنگرانداز رکاوٹ سے ٹکرائی، جسے چینی بحریہ نے امریکی اور اس کے اتحادیوں آبدوزوں کو پھنسانے کے لیے نصب کیا تھا۔
واضح رہے کہ چین کے پاس چھ ٹائپ-093 حملہ آور آبدوزیں ہیں، اور یہ 553 ایم ایم ٹارپیڈو سے لیس ہیں، جوہری توانائی سے چلنے والی یہ آبدوزیں پچھلے ماڈلز سے زیادہ پرسکون اور خاموش ہونے کے لیے ڈیزائن کی گئی تھیں، پچھلے 15 سالوں میں سروس میں داخل ہوئیں۔