‘اب کھیل جمے گا’ کے بعد ‘مزہ آیا’، علی ظفر ورلڈکپ ترانہ بنانے کیلئے تیار


پاکستان کے نامور اداکار اور گلوکار علی ظفر نے شائقینِ کرکٹ کو خوشخبری سناتے ہوئے آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کا نیا ترانہ بنانے کا اعلان کردیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری کردہ ٹویٹ میں انہوں نے شائقین کی پُرزور فرمائش پر ترانے پر کام شروع کرنے کا اشارہ دے دیا۔ انہوں نے نہ صرف ترانے کا ٹائٹل شیئر کیا بلکہ دُھن بھی ترتیب دے دی۔

ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ ‘ورلڈکپ ترانے کے حوالے سے ایک اچھی خبر یہ ہے کہ سفر کے دوران اچانک آمد ہوئی ہے۔ ترانے کا نام ‘مزہ آیا’ ہے جس پر کام شروع کردیا گیا ہے’ـ

آئی سی سی ورلڈکپ کا آفیشل ترانہ ریلیز کردیا گیا

علی ظفر نے بتایا کہ ‘یہ کام میں نے اپنے دوست اور پروڈیوسر علی مصطفیٰ کے ساتھ شروع کیا ہے جو پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) کے گانے ‘اب کھیل جمے گا’ میں بھی میرے ساتھ تھے۔’

انہوں نے شائقین سے درخواست کی کہ ‘ترانے کے ٹائٹل کیلئے مجھے گرافکس اور پوسٹرز بھیجتے رہیں۔’

اس سے قبل بھی ویڈیو بلاگنگ ویب سائٹ یوٹیوب پر انہوں نے ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ نیا ترانہ بنانے کیلئے تیار ہیں لیکن اس میں عوام کو ان کا ساتھ دینا ہوگا اور اسے ماسٹر پیس بنانے کیلئے اپنا حصہ ڈالنا ہوگا۔

خیال رہے کہ آئندہ ماہ سے شروع ہونے والے ون ڈے ورلڈکپ کا آفیشل ترانہ میزبان بھارت کی طرف سے ریلیز کیا گیا ہے۔ ورلڈکپ ترانے کا ٹائٹل ‘دل جشن بولے’ رکھا گیا ہے جس میں نامور بھارتی اداکار رنویر سنگھ جلوہ دکھاتے ہوئے نظر آئے ہیں۔


متعلقہ خبریں