کسی کو بھی اندرونی معاملات میں مداخلت کرنے نہیں دیں گے، نگران وزیر اعظم


لندن: نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ کسی کو بھی اپنے اندرونی معاملات میں مداخلت کرنے نہیں دیں گے۔

نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے غیر ملکی میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا کہ آئین و قانون کے تحت ہم جلد انتخابی عمل میں جا رہے ہیں اور یقین دلاتا ہوں کہ انتخابات صاف شفاف ہوں گے۔ کوئی بھی ادارہ کسی ایک جماعت کی فیور میں نہیں ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج ہر کسی کا بنیادی آئینی حق ہے اور ہم ہر جماعت کے آئینی حقوق کی حفاظت کرنے کی کوشش کریں گے۔ لوگ قانون توڑیں گے تو ایسی صورتحال ہر گز قابل قبول نہیں ہو گی۔

نئی حلقہ بندیوں سے متعلق بات کرتے ہوئے انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ نئی حلقہ بندیاں آئینی و قانونی ضرورت ہیں اور اگر آئین نئی حلقہ بندیوں کا مطالبہ کرتا ہے تو ہم اسے پورا کریں گے۔ امریکی سازش کے معاملے پر چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کچھ دن بعد خود ہی پیچھے ہٹ گئے۔

انہوں نے کہا کہ ہم خود مختار ریاست، قوم اور ملک ہیں اور کسی کو بھی اپنے اندرونی معاملات میں مداخلت کرنے نہیں دیں گے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کو آئینی و قانونی طریقے سے ہٹایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کی کوٹ لکھپت جیل سے رہاخواتین کودوبارہ گرفتارکرلیاگیا

نگران وزیر اعظم نے کہا کہ دہشتگرد گروپس کو ختم کرنا پاکستان اور افغانستان دونوں کے مفاد میں ہے جبکہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔ ہم اپنی سرزمین اور عوام کی حفاظت کے لیے لڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے سیاسی، معاشی اور سیکیورٹی مشکلات ہیں اور ان چیلنجز سے نکلنے کے لیے ہم پرعزم ہیں۔ پاکستان کا مستقبل بہت روشن ہے اور سیاسی مخالفت کو ذاتی مخالفت میں تبدیل کریں گے تو مشکلات پیدا ہوں گی۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ ہم سود مند مذاکرات کے لیے بھارت سمیت تمام پڑوسی ممالک سے مذاکرات کے لیے تیار ہیں لیکن ہم اپنی پوزیشن پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ اقوام متحدہ کی قراردادیں کہتی ہیں کہ کشمیریوں نے اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنا ہے۔


متعلقہ خبریں