پاکستان کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر کا بالآخر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ون ڈے ورلڈکپ کیلئے اعلان کیے گئے قومی اسکواڈ پر رد عمل سامنے آگیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری کردہ ٹویٹ میں انہوں نے منتخب ٹیم پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ پاکستانی ٹیم ورلڈکپ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔
مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ ٹیم کے ساتھ مل کر ایک اچھے ورلڈکپ کے منتظر ہیں۔
I have full confidence in these boys to deliver for Pakistan….looking forward to a great @cricketworldcup together https://t.co/bRgK5iLWMk
— Mickey Arthur (@Mickeyarthurcr1) September 23, 2023
خیال رہے کہ مکی آرتھر کو ٹیم کوچنگ کی ذمہ داری سپرد کیے جانے کے بعد سے مختلف رد عمل سامنے آئے ہیں۔ مکی آرتھر بطور کوچ ڈربی شائر ٹیم کا پُرکشش معاہدہ چھوڑنے کو تیار نہیں ہوئے جس کے بعد انہیں بھاری تنخواہ پر آن لائن ٹیم ڈائریکٹر بنانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
حال ہی میں سری لنکا اور پاکستان میں ہونے والے ایشیا کپ میں مکی آرتھر نے اپنی مرضی کا کوچنگ اسٹاف بھی منتخب کیا مگر ٹیم کیلیے زیادہ وقت نہ نکال سکے۔ وہ ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف میچ سے پہلے آئے اور پھر سری لنکا سے واپس روانہ بھی ہوگئے۔
ہاشم آملہ نے پاکستان کو ورلڈکپ کی سیمی فائنلسٹ ٹیم قرار دے دیا
دوسری طرف پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی طرف سے اب یہ اعلان کیا گیا ہے کہ بھارت میں ہونے والے ورلڈکپ میں مکی آرتھر ٹیم کے ساتھ ہونگے۔ وہ 30 ستمبر کو پاکستان کے پہلے وارم اَپ میچ کے بعد ٹیم کو جوائن کریں گے۔