لاکھوں روپے کھانے کا بل، خاتون نے پولیس بلا لی


سنگاپور: جاپانی سیاح خاتون نے سنگا پور میں 2 لاکھ روپے کا کھانا کھانے کے بعد پولیس کو بلا لیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق دوستوں کے ہمراہ سنگاپور کی سیر کو جانے والی جاپانی خاتون نے وہاں کے ایک ریسٹورنٹ میں کیکڑا آرڈر کیا اور اسے کھانے کے بعد جب بل دینے کی باری آئی تو پولیس کو بُلا لیا۔

خاتون کا کہنا تھا کہ ریسٹورنٹ انتظامیہ نے ایک کیکڑے کی ڈش کا بل 680 ڈالر (2 لاکھ پاکستانی روپے) تھما دیا ہے جس کے بارے میں اسے پہلے نہیں بتایا گیا۔

جاپانی خاتون نے پولیس کو بتایا کہ انہوں نے ایک ویٹر کی جانب سے تجویز کرنے پر ریسٹورنٹ کی ”سگنیچر الاسکن کنگ چِلی ڈش“ منگوائی تھی لیکن انہیں ڈش کی قیمت سے متعلق واضح طور پر آگاہ نہیں کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ویٹر نے کیکڑے کو ڈش کے طور پر بتایا اور قیمت 20 ڈالر بتائی تھی جبکہ اب بتایا جا رہا ہے کہ ریسٹورنٹ اس ڈش کی قیمت 100 گرام کے حساب سے وصول کرتا ہے۔

خاتون سیاح نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ڈش تیار کرنے سے پہلے انہیں کیکڑے کا کل وزن بھی نہیں بتایا گیا اور 4 افراد کے اس گروپ کو تقریباً 3 ہزار 500 گرام ڈش کا بل  680 ڈالر تھما دیا گیا۔

ریسٹورنٹ کے عملے نے واضح کرتے ہوئے کہا کہ اس گروپ سے زیادہ پیسے نہیں وصول کیے گئے۔ ریسٹورنٹ عملے نے اسی دوران یہی ڈش آرڈر کرنے والے ایک اور گاہک کے بل کی رسید دکھائی۔

کچھ دیر کی بحث کے بعد ریسٹورنٹ کی انتظامیہ نے بل 78 ڈالر کی رعایت کر کے وصول کر لیا۔


متعلقہ خبریں