پاکستان کرکٹ ٹیم میں موجود سینیئر کھلاڑی نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی ٹیم کے ڈریسنگ روم میں جھگڑے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، ٹیم میٹنگ کے بعد کھلاڑی ایک ساتھ پاکستان روانہ ہوئے۔
اسپورٹس سے متعلق خبریں شائع کرنے والی ویب سائٹ ‘کرکٹ پاکستان’ کے مطابق سینیئر کھلاڑی نے قومی کرکٹرز کے درمیان گرما گرمی کی خبروں کی تردید کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ٹیم کی پوری توجہ کرکٹ پر ہے اور ہمیں ناقدین کی کوئی فکر نہیں ہے۔
ورلڈکپ 2023، شاداب خان کی جگہ شاہین آفریدی کو نائب کپتان بنائے جانے کا امکان
سینیئر کھلاڑی کا کہنا ہے کہ میچ ہارنے سے ہمارے ناقدین کو اپنی رائے کا اظہار کرنے کا موقع ملتا ہے لیکن یہ صرف منفی قیاس آرائیاں ہیں۔ انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم میٹنگ میں سب نے اپنے خیالات کا اظہار کیا لیکن جھگڑے یا کوچنگ اسٹاف کو مداخلت کی ضرورت کی افواہوں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ٹیم کے تمام کھلاڑی ایک ساتھ میٹنگ سے گئے اور بہت سے ساتھی ایک ہی پرواز کے ذریعے سری لنکا سے پاکستان واپس روانہ ہوئے۔
سری لنکا سے شکست، بابراعظم کا ساتھی کھلاڑیوں پر غصہ، اسپورٹس صحافی کا دعویٰ
خیال رہے کہ ایشیا کپ میں سری لنکا کے خلاف فیصلہ کن میچ میں شکست کے بعد کپتان بابر اعظم کے ڈریسنگ روم میں کھلاڑیوں پر غصہ کرنے کی خبریں سامنے آئی تھیں۔
یہ خبریں بھی سامنے آئیں کہ شاہین شاہ آفریدی نے میٹنگ کے دوران بابر سے کہا کہ کم از کم جن کھلاڑیوں نے اچھی کارکردگی دکھائی انکی حوصلہ افزائی کی جائے۔ جس پر بابر اعظم اور شاہین آفریدی کے درمیان گرما گرمی ہوئی۔