پاک بھارت فائنل کا خواب ادھورا رہ گیا، شائقین کرکٹ اداس


ایشیا کپ میں سری لنکا کے ہاتھوں شکست کے بعد جیسے ہی پاکستان ٹورنامنٹ سے باہر ہوا وہیں ایک بار پھر ایشیا کپ میں پاک بھارت فائنل کا خواب ادھورا ہی رہ گیا۔

پہلے ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں بھارت سری لنکا کو شکست دے کر فائنل میں پہنچا جس کے بعد گزشتہ روز کولمبو میں پاکستان اور سری لنکا کا میچ سیمی فائنل کی صورت اختیار کرگیا تھا،کیوں کہ یہ مقابلہ جیتنے والی ٹیم کو ہی ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کا سامنا کرنا تھا۔

شائقین کرکٹ کو امید تھی کہ پاکستان سری لنکا کو شکست دے کر فائنل میں پہنچے گا اور ایشیا کپ کی تاریخ میں پہلی بار پاک بھارت فائنل ہوگا۔

ایشیا کپ: بنگلہ دیش نے بھارت کو شکست دے دی

ایشیا کپ کا پہلا ایڈیشن 1984میں کھیلا گیا تھا،اس وقت سے اب تک ٹورنامنٹ کے 15فائنل کھیلے جاچکے ہیں،پاکستان اور بھارت کا ایک بار بھی فائنل میں ٹاکرا نہیں ہوا۔

سری لنکن بیٹرز نے اس بار بھی شائقین کرکٹ کا خواب ادھورا ہی رہنے دیا اور پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے میں 2وکٹ سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

پاکستان شائقین ہی نہیں بلکہ بھارتی کرکٹ ایکسپرٹ بھی ایشیا کپ میں پہلی بار پاک بھارت فائنل کے انتظار میں تھے، بھارتی اسپورٹس جرنلسٹ وکرانت گپتا اور ہرشا بھوگلے نے سری لنکا کے ہاتھوں پاکستان کی شکست کے بعد سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایک بار پھر پاک بھارت فائنل نہ ہوسکا۔


متعلقہ خبریں