مذہب کے نام پر انتشار پھیلانے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی، نگران وزیر اعظم


گلگت: نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ مذہب کے نام پر انتشار پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت گلگت بلتستان کابینہ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں گلگت بلتستان کی کابینہ نے وزیر اعظم کو مختلف مسائل سے آگاہ کیا جبکہ گلگت بلتستان میں گندم کی پیداوار پر سبسڈی کی عدم فراہمی کا معاملہ بھی زیربحث آیا۔

وزیر اعظم نے گلگت بلتستان کی سیاسی قیادت کو وفاق کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ وزیر اعظم نے مقامی قابل کاشت زمین کی زرعی استعداد کو مکمل طور پر بروئے کار لانے پر زور دیا۔

وزیر اعظم کو گلگت بلتستان میں پولیس کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے تجاویز پیش کی گئیں اور گلگت میں سرمایہ کاری اور کاروبار میں ترقی لانے کے لیے بھی تجاویز دی گئیں۔ وزیر اعظم نے متعلقہ حکام کو گلگت بلتستان کی معاشی بحالی کے لیے جامع حکمت عملی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔

یہ بھی پڑھیں: 16 ستمبر سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر بھاری اضافہ متوقع

اجلاس کو دی گئی بریفنگ میں کہا گیا کہ گلگت بلتستان کے بیشتر مسائل کا حل علاقے میں سرمایہ کاری سے منسلک ہے۔

کابینہ اجلاس میں گلگت بلتستان میں امن و امان کی صورتحال پر بھی گفتگو کی گئی۔

اس موقع پر نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ تمام شعبوں کو اپنی توجہ اور توانائی خود انحصاری پیدا کرنے پر مرکوز کرنی ہو گی اور پاکستان کے شہریوں کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ مذہب کے نام پر انتشار پھیلانا ناقابلِ برداشت ہے اور مذہب کے نام پر انتشار پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔


متعلقہ خبریں