لبنان: تابوت پر بھی ٹیکس لگ گیا، عوام میں شدید غم و غصہ


بیروت: لبنان میں حکومت کی جانب سے میتوں کے تابوتوں پر بھی ٹیکس لاگو کر دیا گیا جس کی وجہ سے عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق لبنانی حکومت نے عوام کی معاشی مشکلات کا مداوا کرنے کے بجائے میتوں کے تابوتوں پر بھی ٹیکس لگا دیا۔

لبنانی حکومت کے سال 2024 کے بجٹ پر جاری ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ نئے بجٹ میں حکومت کی جانب سے کئی نئے ٹیکس شامل کیے گئے ہیں۔

درآمدی سامان پر لاگو ٹیکس میں بیرون ملک سے آنے والے تابوتوں کو بھی شامل کر دیا گیا ہے۔ یہ ٹیکس اس صورت میں بھی ادا کرنا پڑے گا جب کسی تابوت میں بیرون ملک سے لاش لائی جائی گی۔

یہ بھی پڑھیں: روس کو اسلحہ فراہم کیا تو قیمت چکانا پڑے گی، وائٹ ہاؤس کی دھمکی

سوشل میڈیا پر اس ٹیکس کی خبر نے کافی ہنگامہ برپا کر دیا ہے اور صارفین نے اس ٹیکس کو مرنے والوں کو اذیت دینے کے مترادف قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔

واضح رہے کہ لبنان 2019 سے اقتصادی بحران کا شکار ہے جس کے نتیجے میں وہاں کا ایک بڑا طبقہ غربت اور بدحالی سے دوچار ہے۔


متعلقہ خبریں