ماسکو: روس نے لندن کو 6 منٹ میں تباہ کر دینے والے میزائل سرمت کو سرحدوں پر نصب کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق روس کی جانب سے جدید بین البراعظمی بیلسٹک میزائل سرمت سرحدوں پر نصب کر دیئے گئے ہیں۔ ان میزائلوں کو کومبیٹ الرٹ پوزیشن پر نصب کیا گیا ہے۔
روسی خلائی ایجنسی کے سربراہ روسکو سموس نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ روسی بیلسٹک میزائل سرمت فوری تباہی پھیلانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
روس کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ٹاس نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ ماہرین کے اندازوں کی بنیاد پر آر ایس 28 سرمت 10 ٹن تک وزنی جوہری وارہیڈ کو دنیا بھر میں شمالی اور جنوبی قطب دونوں پر کسی بھی مقام پر پہنچانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں میڈیا کیخلاف بھارتی مہم کی رپورٹ جاری
دوسری جانب وائٹ ہاؤس کی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جان کربی نے کہا کہ وہ ان اطلاعات کی تصدیق کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں کہ کیا واقعی روس نے سرمت کو کومبیٹ الرٹ (جنگی تیاریوں) میں شامل کر لیا ہے۔
واضح رہے کہ روس نے اپریل 2022 میں سرمت میزائل کا تجربہ کیا تھا اور لانچ کیے گئے میزائلوں نے روس کے مشرق بعید کے علاقے کامچٹکا جزیرہ نما پر اہداف کو نشانہ بنایا تھا۔ روس کا سرمت میزائل برطانوی دارالحکومت لندن کو 6 منٹ میں تباہ کرسکتا ہے۔