جماعت اسلامی اور تاجر تنظیموں کی جانب سے شٹر ڈاؤن ہڑتال


ملک بھر میں آج مہنگائی اور بجلی کے زائد بلوں کے خلاف شٹرڈاؤن ہڑتال ہے، اس ہڑتال کی کال جماعت اسلامی اور تاجر تنظیموں کی طرف سے دی گئی۔

کراچی تاجر ایکشن کمیٹی نے نگران حکومت کو بجلی کے بھاری بلوں میں کمی اور اضافہ شدہ پیٹرولیم لیوی واپس لینے کے لئے 72گھنٹوں کا الٹی میٹم دیا ہے، یہ الٹی میٹم کراچی تاجر ایکشن کمیٹی کے کنوینر محمد رضوان نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔

کراچی کے تاجروں کی جانب سے بجلی کے اضافی بلوں، مہنگائی کے خلاف جمعہ کوبھی شٹرڈاؤن ہڑتال رہی جس کی وجہ سے شہر کی تھوک اور بڑی مارکیٹیں بند رہیں تاہم محلوں کی سطح پر چھوٹی دکانیں کھلی رہیں۔

دوسری جانب پنجاب بار کونسل نے مہنگائی کے خلاف آج ماتحت عدالتوں میں ہڑتال کا اعلان کیا ہے، مقامی وکیل نازیہ نواز کے گھر پر فائرنگ میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیاہے۔

راولپنڈی میں بجلی بلوں میں اضافے پر تاجروں نے ہڑتال کر رکھی ہے، تمام دکانیں بند کر دی گئی ہیں، چک بیلی خان میں بھی شٹرڈاؤن ہڑتال ہے۔

راولپنڈی میں بجلی بلوں میں اضافے پرخواجہ سراؤں کا بھی احتجاج،مظاہرین نے مریڑ چوک پر آئیسکو آفس کا گھیراؤ کیا، مظاہرین کا کہنا تھا کہ بجلی بلوں میں اضافہ کسی صورت قبول نہیں، بل کم کیے جائیں۔

بجلی کے بل میں 30 فیصد ٹیکس اور 50 فیصد حکومتی نااہلی ہے،معاشی تجزیہ کار

کرک میں مہنگائی اور بجلی بلز میں ٹیکسز کی بھرمار پر جماعت اسلامی نے احتجاج کیا، احتجاج میں انجمن تاجران اور وکلا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

جہانیاں میں بھی احتجاج، دکانیں اور کاروباری مراکز بند ہیں، گھوٹکی میں بجلی کی قیمت میں اضافے اور مہنگائی کے خلاف انجمن تاجران کی ریلی میں تاجروں اور شہریوں نے حکومت سے بلزمیں اضافہ واپس لینے کامطالبہ کیا۔

ٹبہ سلطان پور میں پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے اور مہنگی بجلی کیخلاف شٹرڈاون ہڑتال ہے، تمام چھوٹی بڑی مارکیٹیں اور کاروباری مراکز بند ہیں۔

قصور میں بجلی کے بلوں میں اضافے کیخلاف شٹرڈاؤن ہڑتال ہے، من بازار، ریلوے روڈ، شہباز عوڈ سمیت چھوٹے بڑے تمام تجارتی مراکز بند ہیں۔

قصور بار ایسوسی ایشن نے بھی عدالتوں کا بائیکاٹ کرکے مکمل ہڑتال کا اعلان کردیاہے جبکہ بجلی کے نرخوں میں اضافے کیخلاف ریلی بھی نکالی جائے گی۔


متعلقہ خبریں