20ہزار آپریشن اور 2 مرتبہ گنیز بک میں نام درج کروانے والا پاکستانی ڈاکٹر


وطن عزیز کے ایسے بے شمار فرزند ہیں جو اپنی منفرد قابلیت اور صلاحیت کی بنیاد پر دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کررہے ہیں ان میں سے ایک لیپرو اسکوپک سرجن ڈاکٹر محمد نعیم تاج بھی ہیں۔

اسلام آباد کے سی ڈی اے کیپیٹل اسپتال میں شعبہ سرجری کے سربراہ ڈاکٹر محمد نعیم تاج کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ 20 ہزار سے زائد کامیاب آپریشن کرنے پر ان کا نام 2 مرتبہ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج کیا جاچکا ہے۔

ڈاکٹر محمد نعیم نے لیپرو اسکوپی کے ذریعے دنیا کے حیرت انگیز آپریشن کیے۔انہوں نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں گزشتہ 30 سال سے آپریشن کررہا ہوں اس دوران میرے پاس ایسے آپریشن بھی آئے جو بہت بڑا چیلنج تھے، ایک پتے کے آپریشن میں لیپرو اسکوپی کے ذریعے 25 سینٹی میٹر سے زائد غدود کامیابی سے نکالے گئے تھے اور یہ آپریشن ڈیڑھ گھنٹے میں مکمل ہوا۔

نرس کو ڈاکٹر کا درجہ دینے کی تجویز، پی ایم ڈی سی کا شدید تحفظات کا اظہار

ان کا کہنا تھا کہ ایک اور آپریشن میں ایک خاتون کے پتے سے5 ہزار 568 پتھریاں نکالی تھیں جس کا آپریشن کیا گیا ان کی عمر 86 سال تھی مریضہ کو شوگر کا بھی عارضہ لاحق تھا، اس کے علاوہ 107 سالہ خاتون کا بھی کامیاب آپریشن کیا دنیا بھر میں آج تک اس عمر میں لیپرو اسکوپی نہیں کی گئی جسے اللہ نے اپنے کرم سے کامیاب کروایا۔

ڈاکٹر محمد نعیم تاج نے انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے نیشنل لیول پر فرسٹ کلاس کرکٹ بھی کھیلی ہے، ان کا کہنا تھا کہ میڈیکل کالج میں پڑھائی کے ساتھ ساتھ کرکٹ بھی کھیلی رمیز راجہ میرے کپتان تھے اس کے علاوہ وسیم اکرم کے ساتھ بھی ٹیم میں شامل رہا، ایک سائیڈ میچ سری لنکا جاکر بھی کھیلا۔

ڈاکٹر محمد نعیم تاج کا نام گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل ہونا نہ صرف پاکستان بلکہ بالخصوص عالم اسلام کے تمام مسلمانوں کے لئے بھی ایک اعزاز کی بات ہے۔


متعلقہ خبریں