ملک بھر میں چینی کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو گیا ہے، ملتان میں 100 کلو گرام چینی کی قیمت16ہزار روپے ہوگئی ہے۔
گزشتہ ہفتے 100 کلو گرام چینی کی قیمت 15 ہزار 400 روپے تھی، ملتان میں پرچون سطح پر چینی 175 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔
کراچی ہول سیل مارکیٹ میں چینی کی فی کلو قیمت 153 روپے ہو گئی ہے، پرچون سطح پر چینی فی کلو 160روپے میں فروخت ہورہی ہے۔
کراچی میں ایک ہفتے کے دوران ہول سیل میں چینی 4 روپے مہنگی ہوئی ہے، ہول سیل مارکیٹ میں 50 کلو چینی کے بیگ کی قیمت 7ہزار350 روپے ہو گئی۔
چینی برآمد کرنے پر پابندی لگادی
دوسری جانب ملک میں چینی باہر سے منگوانے کے باعث چینی کی قیمتیں مزید بڑھنی کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ذرائع کے مطابق ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) نے برازیل میں پاکستانی کمرشل اتاشی کو ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی امپورٹ کرنے کیلئے خط لکھا ہے۔
محکمہ خوراک کے ذرائع کے مطابق امپورٹڈ چینی 220 روپے کلو کے حساب سے پاکستان میں منگوائی جا رہی ہے، محکمہ خوراک کے پاس ا س وقت 10لاکھ ٹن سرپلس چینی کا کیری فارورڈ موجود ہے، محکمہ خوراک کو سرپلس چینی کے ذخائر استعمال کرنا پڑیں گے۔
محکمہ خوراک کے ذرائع نے بتایا کہ سرپلس چینی کے ذخائر ختم کرنے سے امپورٹڈ چینی مارکیٹ میں آ جائے گی جس سے شہری 100روپے کلو سرکاری نرخ والی چینی 220روپے کلو میں خریدنے پر مجبور ہوں گے۔محکمہ خوراک کے ذرائع کے مطابق شہریوں کو ایک کلو چینی پر 120 روپے زیادہ ادا کرنا پڑیں گے۔