قومی کرکٹ ٹیم کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (ٓآئی سی سی) ون ڈے رینکنگ میں ورلڈ نمبر ون بننے کیلئے افغانستان کے خلاف بقیہ دو میچز میں جیت کی ضرورت ہے۔
سری لنکا کے شہر ہمبن ٹوٹا میں جاری پاک افغان 3 روزہ سیریز کا دوسرا ون ڈے میچ آج کھیلا جائے گا۔ پاکستانی ٹیم پہلے ون ڈے کے دھواں دار آغاز کے بعد سیریز اپنے نام کرنے کیلئے پُرعزم ہے۔ سیریز میں وائٹ واش قومی ٹیم کو ورلڈ نمبر 1 بنادے گی۔
حارث روف کی پانچ وکٹیں، افغانستان کو 142 رنز کی عبرت ناک شکست
دوسری طرف افغانستان کے خلاف کھیلے جانے والے میچز میں اگر پاکستان کو کسی ایک میچ میں بھی شکست ہوتی ہے تو قومی ٹیم رینکنگ میں تیسرے نمبر پر آجائے گی۔ اس طرح بھارت اور آسٹریلیا دونوں رینکنگ میں پاکستان سے آگے نکل جائیں گے۔
آئی سی سی ون ڈے رینکنگ کی بات کی جائے تو اس وقت پاکستان دوسرے نمبر پر موجود ہے جبکہ بھارت کا تیسرا نمبر ہے۔ پانچ مرتبہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کا اعزاز اپنے نام کرنے والی آسٹریلیا رینکنگ میں سرِفہرست ہے۔
ہم ورلڈ کپ جیت چکے ہیں دو مرتبہ ایشیا کپ بھی جیتا ہوا ہے، ذکاء اشرف
خیال رہے کہ پاک افغان سیریز کے بعد ایشیا کپ میں نیپال اور بھارت کو شکست دینے کی صورت میں قومی ٹیم 121 پوائنٹس حاصل کرلے گی۔ اس وقت پاکستانی ٹیم کے 116 اور بھارت کے 113 پوائنٹس ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان نے پہلے میچ میں حریف ٹیم کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 142 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔ پہلے ون ڈے کے ہیرو حارث رؤف رہے جنہوں نے صرف 18 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔