نگران وفاقی کابینہ نے حلف اٹھا لیا


پہلے مرحلے میں نگران کابینہ کے 18 ارکان نے حلف اٹھا لیا۔

ایوان صدر میں ہونے والی تقریب میں صدر عارف علوی نے وفاقی کابینہ کے اراکین سے حلف لیا۔ نگران وزیرا‏عظم انوار الحق کاکڑ بھی تقریب حلف برداری میں میں شریک تھے۔

حلف اٹھانے والے نگران وزراء میں شمشاد اختر ، سرفراز بگٹی، جلیل عباس جیلانی، مرتضیٰ سولنگی، انیق احمد، جمال شاہ، ڈاکٹر عمر سیف، لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ انور علی حیدر ، احمد عرفان اسلم، ندیم جان ، احمد تارڑ، مدد علی سندھی ،خلیل جارج اور محمد سمیع سعید بھی شامل ہیں۔

حلف لینے کے بعد نگران وفاقی وزرا کو قلمدان سونپ دیئے گئے ہیں۔

اس ضمن میں جاری نوٹی فکیشن کے مطابق جلیل عباس جیلانی نگران وزیرخارجہ، مرتضیٰ سولنگی نگران وزیراطلاعات ونشریات جب کہ سرفراز بگٹی نگران وزیرداخلہ، اور انور علی حیدر نگران وزیردفاع ہوں گے۔

احمد عرفان اسلم نگران وزیرقانون ،محمد علی نگران وزیرتوانائی، گوہر اعجاز کو صنعت وپیداوار جب کہ ڈاکٹر شمشاد اختر نگران وزیرخزانہ واقتصادی امور ہوں گی۔

ڈاکٹر عمر سیف نگران وزیرانفارمیشن ٹیکنالوی،سمیع سعید نگران وزیرمنصوبہ بندی جب کہ جمال شاہ کو ثقافت وقومی ورثہ کی وزارت کا نگران قلمدان دیا گیا ہے۔

مددعلی سندھی تعلیم،قومی ہم آہنگی اور امور نوجوانان کے نگران وزیرہوں گے۔  ڈاکٹر ندیم جان کو وزارت قومی صحت وخدمات کا نگران قلمدان دیا گیا ہے۔

خلیل جارج انسانی حقوق اور ترقی خواتین کے نگران وزیر مقرر ہوئے ہیں جب کہ انیق احمد کو وزارت مذہبی اموراور بین المذاہب ہم آہنگی کاقلمدان دیا گیا ہے۔

شاہداشرف تارڑ کےپاس مواصلات،ریلوے ،پورٹس اورمیری ٹائم افیئرز کی وزارت ہوگی۔ ریٹائرڈ ایئر مارشل فرحت ہوابازی کے مشیر ہوں گے۔

احمد چیمہ اسٹیبلشمنٹ اور وقار مسعود خزانہ کے مشیر مقرر کر دیئے گئے ہیں۔ مشعال ملک،جواد سہراب ملک،وائس ایڈمرل ریٹائرڈ افتخار راو اور وصی شاہ خصوصی مشیر ہوں گے۔


متعلقہ خبریں